رواں سال عالمی معاشی شرح نمو کیا رہے گی؟ آئی ایم ایف رپورٹ جاری

682
5 worst Global Financial Crisis before COVID-19

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے رواں سال 2021ء کے دوران عالمی معاشی شرح نمو 6 فیصد رہنے کی توقع ظاہر کی ہے جبکہ سال 2022ء کیلئے اقتصادی ترقی کی بین الاقوامی شرح 4.4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

آئی ایم ایف نے اپنی ’ورلڈ اکنامک آئوٹ لُک رپورٹ‘ میں قبل ازیں جنوری 2021ء میں عالمی شرح نمو کے بارے میں کی گئی پیشگوئی پر نظرثانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپریل 2021ء کا تخمینہ جنوری 2021ء کے مقابلہ میں زیادہ بہتر ہے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ جائزہ میں آئی ایم ایف نے رواں سال کے لیے عالمی شرح نمو 6 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جو قبل ازیں جنوری 2021ء میں لگائے جانے والے تخمینہ کے مقابلہ میں 0.5 فیصد زیادہ ہے۔

اسی طرح آئندہ سال 2022ء کے دوران بھی بین الاقوامی معاشی شرح نمو میں 0.2 فیصد بہتری کا امکان ظاہر کرتے ہوئے حالیہ جائزہ میں آئندہ سال کے لیے یہ شرح 4.4 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کووڈ۔19 کی عالمی وبا کے باعث گزشتہ سال 2020ء کے دوران عالمی اقتصادی بڑھوتری کی شرح 3.3 فیصد تک کم ہو گئی تھی۔

آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ ہمیں مستقبل میں مزید چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے کیونکہ ابھی وبا کو شکست دینی ہے اور کئی ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز اب بھی بڑھ رہے ہیں اور ویکسین کی دستیابی کے مسائل کے باعث بحالی کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔

آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ عالمی شرح نمو میں اضافہ کی حالیہ توقعات بعض ترقی یافتہ ممالک میں معاشی بحالی کی بہتری کے باعث وابستہ کی گئی ہیں۔

عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق دنیا کی معیشت کو وبا سے قبل کی سطح تک پہنچنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ معاشی بحالی کے مطلوبہ اہداف کے حصول کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں کروڑوں افراد کو خط غربت سے نیچے جانے سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here