پاکستان عالمی کیپٹل مارکیٹ میں داخل، یورو بانڈز کے ذریعے 2.5 ارب ڈالر حاصل

663

اسلام آباد: پاکستان تین سال سے زائد کے عرصہ کے بعد بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹ میں داخل ہو گیا اور اس نے پانچ، دس اور تیس سال کے یورو بانڈز کے ذریعہ اڑھائی ارب ڈالر حاصل کر لئے۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق یورو بانڈز کے سودے کے حوالہ انویسٹر کال اور آرڈر بک میں ایشیا، مشرق وسطیٰ، یورپ اور امریکا کے بڑے سرمایہ کاروں نے اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان نے گلوبل میڈیم نوٹ پروگرام کی رجسٹریشن کے ذریعہ پہلی بار پروگرام کی بنیاد پر مبنی حکمت عملی اپنائی ہے۔ اس پروگرام کے نتیجہ میں پاکستان مختصر نوٹس پر کیپٹل مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکے گا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت اس پروگرام کو مکمل طور پر استعمال میں لاتے ہوئے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں باقاعدہ بنیادوں پر بانڈز جاری کرنا چاہتی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو یورو بانڈز کے لیے پانچ ارب 30 کروڑ ڈالر کی بولیاں موصول ہوئی تھیں، لیکن پاکستان نے 5.3 ارب میں سے 2.5 ارب ڈالر کے بانڈز منظور کیے ہیں۔ پانچ اور دس سالہ مدت کیلئے ایک، ایک ارب ڈالر اور 30 سالہ مدت کے لیے 50 کروڑ ڈالر کے یورو بانڈز منظور کیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہرنے کہا ہے کہ عالمی سرمایہ کاروں نے پاکستان کی معیشت اور مستقبل کے معاشی منظرنامے پر بڑے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے اپنی نوعیت کی پہلی تین مراحل پر مشتمل کیپٹل مارکیٹ کی ٹرانزیکشن کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ، دس اور تیس سالہ مدت کے یورو بانڈز کو بالترتیب چھ فیصد، 7.375 فیصد اور 8.875 فیصد کی شرح سے فروخت کیا گیا ہے۔ یہ بڑے عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان کی معیشت اور اس کے معاشی مستقبل و امکانات پر اعتماد کا اظہار ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here