اسلام آباد: سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ پریمئیم بانڈز کے ذریعہ 41 ارب روپے کی سرمایہ کاری حاصل کی گئی ہے۔
سی ڈی این ایس کے مطابق یہ سرمایہ کاری یکم جولائی 2020ء سے لے کر 7 اپریل 2021ء تک کی مدت میں ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے متعارف کردہ 25 ہزار اور 40 ہزار روپے مالیت کے پریمئیم بانڈز میں کی گئی ہے۔
اسی طرح گزشتہ ڈیڑھ سال کی مدت میں 25 ہزار اور 40 ہزار روپے مالیت کے معطل شدہ بانڈز کی مد میں شہریوں کو مجموعی طور پر 380 ارب روپے کی ادائیگی بھی کی گئی ہے۔
سی ڈی این ایس کے مطابق 25 ہزار اور 40 ہزار روپے مالیت کے رجسٹرڈ پریمئیم بانڈز سٹیٹ بینک کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں اور ان بانڈز کو سٹیٹ بینک کے رجسٹرڈ اداروں میں ہی کیش کیا جا سکتا ہے۔
ایک سوال پر سی ڈی این ایدس کے اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ 5 اپریل 2021ء تک 25 ہزار روپے مالیت کے بانڈز واپس کرنے والے شہریوں کو 124 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی ہے۔ ان بانڈزکی واپسی کی آخری تاریخ 30 مئی 2021ء مقرر کی گئی ہے اور بانڈز واپس کرنے والوں کو مزید 36 ارب روپے کی ادائیگی متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو دستاویزی بنانے اور مالیاتی نظام میں شفافیت کیلئے سی ڈی این ایس نے سرمایہ کاری کی کئی سکیمیں متعارف کرائی ہے جس میں شہری بھرپور دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں، ادارے نے رواں مالی سال کیلئے 249 ارب روپے کی نئی بچتوں کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔