اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) نے ٹیلی کام کمپنی جاز کو اپنے ہر قسم کے اشتہارات اور بل بورڈز سے لفظ ‘سپر فور جی’ کا استعمال ختم کرنے ہدایت کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پی ٹی اے نے جاز ٹیلی کام کو 15 دن کے اندر ضروری انتظامات کرنے کے علاوہ اشتہارات میں ’سپر فور جی‘ لفظ کا استعمال ختم کرنے اور اس حوالے سے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
اضافی ٹیلی کام سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے معلوماتی میمورینڈم جاری کر نے کا فیصلہ
ٹیلی کام سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینے کی منظوری، 40 ٹیکنالوجی پارک قائم کیے جائیں گے
پی ٹی اے کی جانب سے جاز کے خط کے جواب میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹی نے ٹیلی کام آپریٹر کی رپورٹ کا جائزہ لیا ہے تاہم کمپنی کا جواب ٹیلی کام کنزیومر پروٹیکشن ریگولیشنز 2009ء کے ریگولیشن 8 میں بیان کردہ اشتہارات سے متعلق ہدایات کی صریح خلاف ورزی ہے لہٰذا کمپنی کا یہ عمل صارفین کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کے لیے ‘سپر فورجی’ اور ‘سپر نہیں تو فور جی نہیں’ جیسی اصطلاحات کا استعمال گمراہ کن ہے کیونکہ ٹیکنالوجی کے اعتبار سے اس طرح کی برتری کا کوئی جواز نہیں ہے۔
اگرچہ جاز نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس حوالے سے ایک درخواست دائر کر رکھی ہے اور عدالت سے پی ٹی اے کا حکم کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
کمپنی نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ وہ اسے عبوری ریلیف دے اور پی ٹی اے کو حتمی فیصلہ آنے تک اقدامات کرنے سے روک دے۔