‘چینی کمپنی رشکئی اکنامک زون میں 24 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کرے گی’

سرمایہ کاری کے نتیجے میں کمپنی پہلے مرحلے کے دوران 600 سے زائد پاکستانیوں کو ملازمت فراہم کرے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں ایک ہزار سے زائد ملازمتیں فراہم کی جائیں گی

673

کراچی: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے کہا ہے کہ موجودہ دورِ حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبے تیزی کے ساتھ تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

گزشتہ روز چینی کمپنی سینچری سٹیل کے لئے سامان اور مشینری پر مشتمل پہلی کنسائنمنٹ کی کراچی پورٹ پر آمد کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ جس طرح حکومت وبائی صورت حال سے نمٹنے کی کوششیں کر رہی ہے، اسی طرح حکومت سی پیک کی کامیابی کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔

اسد عمر نے تقریب کو پاکستان اور چین کے غیر معمولی تعلقات کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک اب انتہائی اہم دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے اور اس کے تحت جاری منصوبے صرف انفراسٹرکچر تک ہی محدود نہیں رہے۔

انہوں نے بتایا کہ چینی کمپنی چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن (سی آر بی سی) نے راشکئی خصوصی اقتصادی زون میں غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے سی پیک کے تحت پاکستان کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، راشکئی اقتصادی زون میں بجلی اور دیگر سمیت بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لئے کام تیزی سے جاری ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ چینی کمپنی سنچری سٹیل 240 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے راشکئی اکنامک زون میں سٹیل مل قائم کرے گی جو سالانہ 15 لاکھ ٹن سٹیل تیار کرے گی۔ یہ کمپنی پہلے مرحلے کے دوران 600 سے زائد پاکستانیوں کو ملازمت فراہم کرے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں ایک ہزار سے زائد افراد کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کا باہمی رشتہ نیا نہیں، جب بھی پاکستان کو دوست کی ضرورت پڑی تو پاکستان نے چین کی طرف دیکھا۔ انہوں نے چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی کاوشوں کو سراہا۔

کراچی میں چینی قونصل جنرل لی بیجیان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی کاوشوں کی وجہ سے عالمی وبا کے منفی اثرات کے باوجود ملکی معیشت مزید مستحکم ہو رہی ہے، خاص طور پر تعمیراتی شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے جس کی وجہ سے سٹیل کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی شاندار کوششوں کی وجہ سے سی پیک کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، ہم راشکئی سپیشل اکنامک زون میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے پراعتماد ہیں۔

دوسری جانب وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کے ساتھ چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن کے نائب صدر سن یا گاﺅ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے لئے مارکیٹنگ مہم چلائے گی اور اس سلسلے میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاری کے لئے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی غرض سے بیرونی مارکیٹنگ انتہائی ضروری ہے۔ اس موقع پر سی آر بی سی کے میگا پروجیکٹ کراچی کوسٹل کمپری ہینسیو ڈویلپمنٹ زون کا بھی جائزہ لیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here