اسلام آباد: پاکستان میں سوئٹزر لینڈ کی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 64.40 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اور سرمایہ کاری بورڈ کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر جنوری 2021ء تک کی مدت میں سوئٹزرلینڈ نے پاکستان میں چھ کروڑ 5 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔
سات ماہ کے دوران کی گئی چھ کروڑ پانچ لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری میں سے پانچ کروڑ 71 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) اور 34 لاکھ ڈالر کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری شامل ہے۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال کے پہلے سات ماہ کی گئی سرمایہ کاری کے مقابلہ میں 64.40 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سوئٹزرلینڈ نے پاکستان میں تین کروڑ 68 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی۔
اسی طرح گزشتہ مالی سال کے سات ماہ کے دوران کی گئی مجموعی سرمایہ کاری میں سے تین کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری اور منفی 2.2 ملین ڈالر کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری شامل ہے۔
جنوری 2021ء میں پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کی سرمایہ کاری کا حجم 90 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جس میں 91 لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری اور منفی 0.1 ملین ڈالر کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری شامل ہے۔