پی آئی اے لاہور تا تاشقند پروازیں مارچ کے آخر میں شروع کرے گی

4 مارچ سے کابل کیلئے پانچویں پرواز، 14 مارچ سے لاہور تا باکو کی پروازیں شروع کی جائیں گی، تاشقند اور بشکیک کیلئے پروازیں بھی پی آئی اے کی اس کاروباری حکمت عملی کا حصہ ہیں: ترجمان

546

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے مارچ کے آخر میں لاہور تا تاشقند پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

قومی ایئر لائن کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل (ر) ارشد ملک نے تاشقند کیلئے پروازیں شروع کرنے کیلئے کوششیں تیز کرتے ہوئے باضابطہ اجازت مانگ لی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلہ میں پی آئی اے سربراہ اور پاکستان میں ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف اور ازبکستان میں پاکستانی سفیر سید علی اسد گیلانی کے مابین ملاقات ہوئی ہے جس مین اس معاملے پر باضابطہ بات چیت کی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے نے لاہور تا تاشقند پروازیں شروع کرنے کیلئے باضابطہ اجازت مانگ لی ہے، پی آئی اے مارچ کے آخر میں پروازویں شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

عبداللہ خان نے کہا کہ ازبکستان کے شہر تاشقند، بخارا اور سمرقند مذہبی سیاحت کے حوالے خاصی اہمیت رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے سفراء کرام نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین فضائی روابط بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

واضح رہے پی آئی اے افغانستان اور وسط ایشیائی ممالک میں اپنے آپریشن کو وسعت دے رہا ہے، ترجمان پی آئی اے کے مطابق 4 مارچ سے کابل کیلئے پانچویں پرواز جبکہ 14 مارچ سے لاہور تا باکو کی پروازیں شروع کی جا رہی ہیں۔ تاشقند اور بشکیک کیلئے پروازیں بھی پی آئی اے کی اس کاروباری حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here