ایشیائی ترقیاتی بینک نے 2 ارب ڈالر کے بین الاقوامی بانڈز جاری کر دئیے

511

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے دس سالہ مدت کیلئے دو ارب ڈالر مالیت کے بین الاقوامی بانڈز جاری کر دئیے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ بانڈز سے ایشیا اور بحرالکاہل کے ممالک میں بالخصوص کورونا وائرس کی وبا کے اثرات کو کم کرنے کیلئے مالی وسائل کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

بانڈز کی میچوریٹی کی تاریخ 4 مارچ 2031ء مقررکی گئی ہے، بانڈز کے لین دین کا عمل جے پی مورگن، نومورا (Nomura)، آر بی سی اور ٹی ڈی سیکورٹیز نے مکمل کیا ہے جبکہ اس مقصد کیلئے سنڈیکیٹ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔

بانڈز میں سرمایہ کاری کے ضمن میں مرکزی بینک اور سرکاری اداروں کا حصہ 56 فیصد ہے، 30 فیصد سرمایہ کاری بینکوں نے کی ہے۔

اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ ایک سال کے عرصہ میں بینک کی جانب سے دوسری بار امریکی ڈالر مارکیٹ میں کامیابی سے بانڈز کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ یہ بانڈز بینک کے معمول کے کیپٹل وسائل کا ایک حصہ ہے۔ بینک نے بانڈز میں سرمایہ کاری کرنے پر سرمایہ کاروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے مختلف ممالک میں تعلیمی منصوبوں کی مالی معاونت کیلئے پہلا تعلیمی بانڈ جاری کیا تھا جس کا مقصد ایشیا اور بحرالکاہل کے خطہ میں تعلیم بالخصوص تکنیکی اور پیشہ وارانہ تربیت کے منصوبوں کیلئے مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

اس حوالے سے اے ڈی بی کا کہنا تھا کہ دس سالہ مدت کے تعلیمی بانڈ کی قیمت 57 ملین ڈالر ہے اور اسے جاپان کے دائی ایچی لائف انشورنس نے کریڈٹ ایگری کول سی آئی بی کے ذریعہ خرید لیا ہے۔

بینک نے معیاری تعلیم اور فاصلاتی و آن لائن تدریس کیلئے رکن ممالک کے ساتھ تعاون کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2021ء سے 2023ء تک رکن ممالک میں تعلیمی منصوبوں کیلئے مختص فنڈز دو ارب ڈالر تک بڑھائے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here