دنیا بھر میں بوئنگ 777 گرائونڈ، پی آئی اے ایسا کیوں نہیں کر رہی؟

823

اسلام آباد: امریکا میں بوئنگ 777 کے انجن میں آگ لگنے کے بعد طیارہ ساز کمپنی نے دنیا بھر کی کمپنی سے درخواست کی ہے وہ مذکورہ ماڈل کے طیارے گرائونڈ کر دیں لیکن پاکستان کی قومی فضائی کمپنی ایسا نہیں کر رہی۔

پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے تمام بوئنگ 777 جنرل الیکٹرک انجن کے حامل ہیں جو پوری دنیا میں نہایت محفوظ تصور کئے جاتے ہیں ۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے کہا کہ بوئنگ 777 کے انجن میں آگ لگنے کا واقعہ پریٹ اینڈ وٹنی (Pratt & Whitney) انجن والے طیارے کے ساتھ پیش آیا ہے جس کے بعد مذکورہ انجن والے طیاروں کو گراونڈ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں جبکہ پی آئی اے کے تمام بوئنگ 777 جنرل الیکٹرک انجن کے حامل ہیں اور بوئنگ کی ہدایات پی آئی اے پر لاگو نہیں ہوتیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پی آئی اے کے تمام 12 عدد 777 جنرل الیکٹرک انجن کے حامل ہیں جو نہایت محفوظ تصور کئے جاتے ہیں اور پوری دنیا میں تقریبا ایک ہزارکی تعداد میں استعمال ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بوئنگ 777 کے انجن میں آگ لگنے کے بعد 128 طیارے گراﺅنڈ کرنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ ہفتے کو امریکا کے کولوراڈو ائیرپورٹ سے پرواز بھرنے کے بعد یونائٹڈ ائیرلائنز کے بوئنگ 777 کے ایک انجن میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے بعد طیارے کو ہنگامی طور پر ڈینور ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کرا لیا گیا، طیارے میں سوار 241 مسافر اور عملے کے 10 ارکان محفوظ رہے۔

اس واقعہ پر یونائیٹڈ ایئرلائنز نے کہا ہے کہ ہفتے کو ہونے والے واقعہ کے باعث کمپنی کے اپنے بوئنگ 777 کے 24 طیارے گراﺅنڈ کر دیے ہیں۔

بوئنگ انتظامیہ نے کہا ہے کہ جب تک امریکی قومی ٹرانسپورٹیشن اور تحفظ بورڈ کی تحقیقات جاری ہیں ہم تجویز کرتے ہیں کہ مختلف ائیرلائنز کے زیر استعمال 69 اور بوئنگ کے پاس موجود 59  (777 ماڈل کے) طیاروں کو گراؤنڈ کر دینا چاہیے جن میں پریٹ ایڈ واٹنی 112-4000 انجن نصب ہے۔

بوئنگ کا کہنا ہے کہ اس طرح کے طیاروں کا استعمال روک دینا چاہیے جب تک فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی جائزے کا عمل یقینی نہ بنا لے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق یونائیٹڈ ایئرلائنز کے بعد جاپان کی دو بڑی ایئرلائنز نے بھی بوئنگ 777 ماڈل کے 56 طیاروں کے آپریشنز معطل کرنے کی تصدیق کر دی ہے جن میں یہی انجن نصب تھا جو حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں نصب تھا۔

دنیا کے مختلف ممالک کی ائیرلائنز بوئنگ 777 طیارے استعمال کر رہی ہیں، بوئنگ کی ویب سائٹ کے مطابق دنیا بھر میں چار ہزار 777 بوئنگ طیاروں میں پریٹ اینڈ وٹنی انجن نصب ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here