اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی منظوری کے بعد یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) آؤٹ لیٹس میں خوردنی اشیاء کی قیمتوں میں بھاری پیمانے پر اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹفکیشن کے مطابق ایک کلوگرام گھی کی قیمت میں 48 روپے اضافے سے گھی کی نئی قیمت 251 روپے فی کلوگرام تک جاپہنچی۔ اسی طرح، خوردنی تیل کی قیمت میں بھی 29 روپے فی لٹر اضافہ ہوا جس سے اس کی قیمت 244 روپے سے بڑھ کر 273 روپے ہو گئی۔
علاوہ ازیں، شیمپو کی قیمتوں میں بھی 20 روپے تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ چائے کی پتی کی قیمتوں میں بھی 32 روپے تک اضافہ دیکھا گیا۔
وزارتِ صنعت و پیداوار نے 28 جنوری 2021 کو ہونے والے اپنے اجلاس میں ای سی سی کے حکم کے مطابق گزشتہ جمعہ کو ای سی سی کے سامنے یو ایس سی کی جانب سے سبسڈائز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے نظرثانی کی سمری پیش کی۔
سیکرٹری صنعت و پیداوار نے بین الاقوامی منڈی میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل کمی بیشی کے پیش نظر گندم کے آٹے، چینی اور گھی کی قیمتوں کو ریشنلائز کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی تھیں۔
تفصیلی بات چیت کے بعد ای سی سی نے یو ایس سی آؤٹ لیٹس میں خوردنی اشیاء کی قیمتوں میں جزوی ریشنلائزیشن کرنے کی منظوری دی۔