بیجنگ: چین کی ویڈیو شئیرنگ ایپ ٹک ٹاک نے پہلی بار ویڈیو سٹریمنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کیلئے امریکی مکسڈ مارشل آرٹس پروموشن کمپنی ’الٹی میٹ فائٹنگ چیمپین شپ (یو ایف سی)‘ کیساتھ معاہدہ کیا ہے۔
ٹک ٹاک یو ایف سی کا کانٹنٹ اپنی ایپ پر لائیو سٹریم کرے گی اور اس حوالے سے کئی سالہ مدت کا معاہدہ بھی طے پا گیا ہے لیکن یہ معاہدہ کتنی مالیت کا ہے اس حوالے سے تفصیلات منظرِعام پر نہیں لائی گئیں۔
ٹک ٹاک نے اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا ہے کہ معاہدے میں ہفتہ وار یو ایف سی کی لائیو سٹریم شامل ہوں گی جن کی پسِ پردہ تصاویر اور کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت کو بھی شامل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے:
بائٹ ڈانس کا بھارت میں ٹک ٹاک کے اثاثے فروخت کرنے پر غور
اٹلی میں 13 سال سے کم عمر بچوں کے ٹک ٹاک استعمال پر پابندی
ٹک ٹاک پر یو ایف سی تیسری سب سے زیادہ مشہور سپورٹس لیگ ہے جس کے 63 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، بلیڈس کے لیوس کیساتھ مقابلے سے ایک تشہیری لائیو سٹریم کے ساتھ آغاز کیا جائے گا۔
گزشتہ سال اکتوبر میں ٹک ٹاک نے لندن کی مشہور سپورٹس آرگنائزیشن ٹنڈرا (Tundra) کے ساتھ شراکت داری کے بعد ٹک ٹاک کا سپورٹس انڈسٹری کا کانٹینٹ پیدا کرنے کے حوالے سے یہ ایک اہم قدم خیال کیا جا رہا ہے۔
دنیا بھر کے نوجوانوں میں مختصر دورانیے کی ویڈیوز کے حوالے سے مقبول ترین ٹک ٹاک کو امریکہ میں جانچ پڑتال کا سامنا ہے گو کہ جوبائیڈن انتظامیہ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چینی ٹیک کمپنیوں کی چھان بین کے معاملات پر نظرثانی کا عندیہ دیا ہے۔