پاکستان کو ایکسٹرا زینیکا کی 28 لاکھ خوراکیں 2 مارچ کو مل جائیں گی

مارچ میں ساٹھ سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی، ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں جون سے پہلے پاکستان آ جائیں گی: ڈاکٹر فیصل سلطان کی میڈیا بریفنگ

463

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے ایکسٹرا زینیکا ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں جون سے پہلے پاکستان آ جائیں گی جبکہ 28 لاکھ خوراکیں دو مارچ 2021ء تک ہمیں مل جائیں گی۔

جمعرات کو میڈیا بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، سب سے پہلے ویکسین ان کو لگائی جارہی ہے، دوسرے مرحلے میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو یہ ویکسین لگائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ویکسین بالکل مفت لگائی جا رہی ہے، اس حوالے سے تمام تر معلومات این سی او سی اور وزارت صحت کی ویب سائٹ سے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

کورونا ویکسین کی ترسیل، 15 فضائی کمپنیاں معاونت فراہم کریں گی

امریکی فوجی کورونا ویکسین لگوانے سے انکار کیوں کر رہے ہیں؟

پاکستان میں کینسنو بائیو ویکسین کی لائسنسنگ اور مارکیٹنگ کی منظوری

انہوں نے کہا کہ اس وقت جو ویکسین فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لیے استعمال کی جا رہی ہے اس کا نام سائنو فارم ہے اور یہ چین سے منگوائی گئی ہے اور ہم نے اعلان کیا تھا کہ یہ ویکسین 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو نہیں لگائی جائے گی۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق اس کی وجہ یہ نہیں کہ ویکسین محفوظ نہیں بلکہ جب کوئی نئی ویکسین یا دوائی کیلئے ٹرائلز کیے جاتے ہیں تو جو ڈیٹا اس وقت موجود ہوتا ہے اسی کی بنیاد پر فیصلہ کیا جاتا ہے کہ یہ کس صورت حال میں استعمال کی جانی چاہیے۔

انہوں نےکہا کہ جب سائنوفارم کے ٹریلر ہوئے تو ان ٹرائلز میں حصہ لینے والے لوگوں میں ساٹھ سال سے زیادہ عمر کے لوگ بہت کم تھے جس کے باعث اس عمر کے لوگوں کے لئے یہ نتیجہ اخذ کرنا مناسب نہیں تھا جب اعدادوشمار اتنے نہ ہوں کہ اس پر کوئی فیصلہ کیا جا سکے، اس صورت حال میں ہمارے ماہرین نے ہمیں گائیڈ کیا کہ اس کے استعمال کو فی الحال 60 سال سے زائد افراد کے لیے محدود رکھا جائے۔

معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ جب 60 سال سے زائد عمر کے لوگوں کا ڈیٹا موجود ہو گا۔ اس پر فیصلہ آسانی سے کیا جا سکے گا، حکومت نے ایسے ماہرین کا انتخاب کیا ہے جو بہت باریکی سے ان اعدادوشمار کو دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے ایکسٹراز ذینیکا آکسفورڈ ویکسین کی 17 ملین خوراکیں جون سے پہلے پاکستان پہنچ جائیں گی جبکہ 28 لاکھ خوراکیں دو مارچ 2021ء تک ہمیں مل جائیں گی۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ایکسٹرا زینیکا ویکسین کی عالمی ادارہ صحت نے منظوری دی ہے، 65 ممالک میں سے 34 ممالک ایسے ہیں جہاں اس کا استعمال کیا جا رہا ہے، یہ ویکسین جب پاکستان آ جائے گی تو اپنی عمر کے مطابق ضرور خود کو رجسٹرڈ کریں اور یہ ویکسین ضرور لگائیں۔

انھوں نے کہا کہ دوسرے مرحلہ میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز جن کی عمر ساٹھ سال ہے یا اس سے زیادہ ہے ان کو بھی ویکسین لگائی جائے گی۔عمومی ہیلتھ ورکرز جو فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز تو نہیں ہے لیکن ان کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں 22 فروری سے ان کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع ہو جائے گا۔

معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ رجسٹریشن کے دو سے تین دن کے بعد کسی بھی سینٹر سے ویکسین لگائی جا سکے گی، اس کے بعد 60 سال سے زائد عمر کے لوگوں کی رجسٹریشن ہو گی، اگر آپ کی عمر ساٹھ سال سے زیادہ ہے تو آپ اپنے آپ کو رجسٹر کرائیں تاکہ ویکسینیشن کا عمل مکمل کیا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here