پاکستان کا ٹیکسٹائل سیکٹر پائوں پر کھڑا ہونے لگا، برآمدات میں ریکارڈ اضافہ

جولائی 2020ء سے جنوری 2021ء تک بیڈوئیرز کی برآمدات میں 16.38 فیصد، نیٹ وئیرز 18.74 فیصد، غیرسوتی دھاگا 4.63 فیصد، ریڈی میڈ گارمنٹس 5.48، خیموں، کینوس اور ترپالوں میں 48 فیصد، تولیوں کی برآمدات میں 19.91 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا

1071

اسلام آباد: پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 8.23 فیصد جبکہ جنوری میں 10.79 فیصداضافہ ہوا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لیکر جنوری 2021ء تک کی مدت میں ٹیکسٹال مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 8.765 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 8.23 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 8.099 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

جاری مالی سال میں نیٹ وئیرز کی برآمدات کا حجم 2.175 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 1.831 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 18.74 فیصد زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

کپاس کی پیداوار میں 34 فیصد کمی، ٹیکسٹائل برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ

نئی پالیسی کے تحت ٹیکسٹائل ایکسپورٹس کا ہدف 20.86 ارب ڈالر مقرر

مالی سال کے سات میں پاکستان کی برآمدات کا حجم 14 ارب 24 کروڑ ڈالر سے زائد رہا

سات ماہ میں غیرسوتی دھاگہ کی برآمدات سے ملک کو 17.040 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے 16.286 ملین ڈالر سے 4.63 فیصد زیادہ ہے۔

بیڈ وئیرز کی برآمدات سے جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ملک کو 1.613 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے 1.392 ارب ڈالر سے 16.38 فیصد زیادہ رہا۔

اسی طرح مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران تولیوں کی برآمدات سے 533.20 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 444.68 ملین ڈالر سے 19.91 فیصد زائد رہا۔

پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں خیموں، کینوس اور ترپالوں کی برآمدات سے پاکستانی تاجروں نے 73.89 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے 49.61 ملین ڈالر سے 48.95 فیصد زیادہ ہے۔

سات ماہ کے دوران ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں اضافہ کی شرح 5.48 فیصد اور سینتھیٹک ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 0.45 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال میں خام کاٹن کی برآمدات میں 96.27  فیصد کمی دیکھنے میں آئی، خام کاٹن کی برآمدات سے ملک کو 0.593 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خام کاٹن کی برآمدات سے 15.88 ملین ڈالرز کمائے گئے تھے۔

جاری مالی سال میں سوتی دھاگے کی برآمدات سے پاکستانی تاجروں کو 486.42 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 639.77 ملین ڈالر کے مقابلے میں 23.97 فیصد کم رہا۔

ماہانہ اعتبار سے جنوری 2021ء میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے پاکستان کے برآمدکنندگان کو 1.323 ارب  ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو جنوری  2020ء کے 1.194 ارب ڈالر کے مقابلے میں 10.79 فیصد زیادہ ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here