ایشیائی ترقیاتی بینک نے تعلیمی منصوبوں کی مالی معاونت کیلئے پہلا تعلیمی بانڈ جاری کر دیا

وبا سے سکولوں کی بندش، دنیا بھر میں ایک ارب 70 کروڑ طلباء متاثر، اے ڈی بی کا تعلیمی منصوبوں کیلئے مختص فنڈز دو ارب ڈالر تک بڑھانے کا اعلان

543

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے مختلف ممالک میں تعلیمی منصوبوں کی مالی معاونت کیلئے پہلا تعلیمی بانڈجاری کر دیا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے بیان کے مطابق تعلیمی بانڈ کے اجراء کا مقصد ایشیا اور بحرالکاہل کے خطہ میں تعلیم بالخصوص تکنیکی اور پیشہ وارانہ تربیت کے منصوبوں کیلئے مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

بینک کے مطابق 10 سالہ مدت کے تعلیمی بانڈ کی قیمت 57 ملین ڈالر ہے اور اسے جاپان کے دائی ایچی لائف انشورنس نے کریڈٹ ایگری کول سی آئی بی کے ذریعہ خرید لیا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے عہدیدار پیری وان پیتی گھیم نے بتایا کہ تعلیمی بانڈ کے اجراء کے ذریعہ ایشیا اور بحرالکاہل خطہ کے ممالک میں کورونا وائرس کی عالمگیر وبا سے متاثرہ تعلیمی نظام کی بحالی میں مدد ملے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق کورونا وبا سے سکول اور تدریسی اداروں کی بندش سے دنیا بھر میں ایک ارب 70 کروڑ طلباء و طالبات متاثر ہوئے ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک معیاری تعلیم اور فاصلاتی و آن لائن تدریس کیلئے رکن ممالک کے ساتھ تعاون کیلئے پُرعزم ہے، بینک نے 2021ء سے 2023ء تک کی مدت میں رکن ممالک میں تعلیمی منصوبوں کیلئے مختص فنڈز دو ارب ڈالر تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

اس وقت ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے رکن ممالک میں تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری کا حجم چھ ارب ڈالرکے قریب ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here