سیئول: جنوبی کوریا کی مسافر بردار گاڑیوں کی برآمدات میں سال 2020ء کے دوران 12.1 فیصد کمی ہوئی جس کی وجہ کورونا وائرس لاک ڈان کے باعث طلب کا کم ہونا ہے۔
جنوبی کوریا کے محکمہ کسٹمز کی حالیہ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے باعث ملک کی آٹو انڈسٹری بری طرح متاثر ہوئی، 2020ء میں اس کی مسافر بردار گاڑیوں کی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 12.1 فیصد کمی ہوئی جبکہ اس کا مالیاتی حجم 34.7 ارب ڈالر رہا۔
عالمی منڈی میں سال 2020ء کے دوران مجموعی طور پر گاڑیوں کی طلب میں کمی ہوئی تاہم دوسری ششماہی کے دوران کچھ بہتری دیکھنے میں آئی۔
یہ بھی پڑھیے:
جنوبی کوریا میں فائیوجی صارفین کی تعداد 70 لاکھ سے متجاوز
پاکستان میں آئی ٹی کے بڑے منصوبے کیلئے جنوبی کوریا قرض دینے کو تیار
پہلی سہ ماہی کے دوران سیڈان گاڑیوں کی برآمدات میں 10.1 جبکہ دوسری میں 40.6 فیصد کمی ہوئی تاہم تیسری سہ ماہی میں 3.4 فیصد جبکہ آخری تین ماہ کے دوران 1.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح سال 2020ء کے دوران کل 19 لاکھ 70 ہزار گاڑیاں برآمد کی گئیں جو 2019ء کے مقابلے میں 19.8 فیصد کم ہیں۔ ماحول دوست گاڑیوں کی برآمد سے آمدنی کا حجم 7.1 ارب ڈالر رہا جو سالانہ بنیاد پر 19.2 فیصد زیادہ ہے۔
امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور فرانس کو گزشتہ سال سیڈان گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ جبکہ آسٹریلیا، جرمنی، روس، سپین اور سعودی عرب کو برآمد میں کمی ہوئی۔
سال 2020ء کے دوران 12 ارب ڈالر کی مسافر بردار گاڑیاں درآمد کی گئیں جو 2019ء کی نسبت 8.8 فیصد زیادہ ہیں، درآمد شدہ گاڑیوں کی تعداد 3 لاکھ 30 ہزار رہی جو سالانہ بنیاد پر 4.6 فیصد زیادہ ہیں۔