کراچی: میزان بینک کو پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) پر شرعی اصولوں سے مطابقت رکھنے والی ڈیبٹ سیکورٹیز کا مارکیٹ میکر بننے کے سلسلے میں سٹاک ایکسچینج کے ٹریڈنگ ہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر پی ایس ایکس اور میزان بینک کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے جس کے تحت میزان بینک شرعی اصولوں سے مطابقت رکھنے والے ڈیبٹ انسٹرومنٹس کے لیے مارکیٹ میکر کے طور پر پہلا اسلامی بینک بن گیا۔
پی ایس ایکس کے ایم ڈی و سی ای او فرخ ایچ خان اور ڈپٹی سی ای او میزان بینک عارف الاسلام نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر پی ایس ایکس بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین اور دونوں اداروں کی اعلی انتظامیہ کے اراکین بھی موجود تھے۔
فرخ ایچ خان نے کہا کہ یہ ایک خوش آئند پیشرفت ہے کہ پی ایس ایکس پر ایک اور بینک ڈیبٹ سیکورٹیز کے لیے مارکیٹ میکر کے طور پر آیا ہے۔ پاکستان کے ایک بڑے اسلامی بینک میزان بینک کا پی ایس ایکس کا مارکیٹ میکر بننا اس کی پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ میزان بینک کے مارکیٹ میکر بننے سے پاکستان کی ڈیبٹ مارکیٹ میں مزید پائیداری اور ترقی آئے گی۔ میں دل کی گہرائیوں سے مارکیٹ میکر کے طور پر ان کے نئے کردار کو انہیں مبارک باد دیتا ہوں۔