ریلوے میں ایک کھرب 20 ارب روپے ڈوب چکے: اعظم سواتی

پنجاب حکومت کی صوبے میں ریلویز اراضی واگزار کرانے، شجرکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں کے حوالے سے معاونت کی یقین دہانی

172

لاہور: پنجاب حکومت نے وزارت ریلوے کو صوبے میں ریلویز کی اراضی واگزار کرانے، شجرکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں کے حوالے سے معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ہفتہ کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ان کے دفتر میں وفاقی وزیر ریلویز اعظم خان سواتی نے ملاقات کی جس میں ریلویز کی اراضی پر قبضہ واگزار کرانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے، ریلویز کی زمینوں پر شجرکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پراجیکٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری ریلویز اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفاقی وزیر ریلویز اعظم خان سواتی کی وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ان کے دفتر میں ملاقات (اے پی پی)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے میں ریلویز کی اراضی واگزار کرانے، شجرکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں کے حوالے سے معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ریلویز حکام کے ساتھ مل کر اراضی واگزار کرانے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے گا۔ ریلویز کو پنجاب پولیس کی پوری سپورٹ فراہم کریں گے اور ریلویز کی بنجر اراضی پر شجرکاری کیلئے بھی ہمارا تعاون آپ کے ساتھ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کے سفر پر چل پڑا ہے، تحریک انصاف نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ الزام تراشی اور جھوٹ پر مبنی منفی سیاست کرنے والے عناصر کو عوام مسترد کر چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک احتجاج کے ذریعے نہیں بلکہ محنت، خدمت اور دیانت سے آگے بڑھتے ہیں اور پاکستان کے عوام صرف ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، کسی کو عوامی خدمت کے سفر میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔

وزیر ریلویز اعظم خان سواتی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتے ہیں، ریلویز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عزم رکھتے ہیں اور ریلویز کو منافع بخش بنانے کیلئے نئے بزنس ماڈل پر کام کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ ایک کھرب 20 ارب روپے ریلوے میں ڈوب چکے ہیں اسے درست کرنے کیلئے بزنس ماڈل تبدیل کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر اپنی ذات کیلئے امریکہ میں بزنس کیا تو ریلوے کو بھی اسی طرز پر چلاﺅں گا، ریلوے کو نئے بزنس ماڈل اور انفراسٹرکچر کے ساتھ تبدیل کریں گے، 36 ملین فریٹ کا ہدف مقرر کیا ہے جسے حکومت کی مدت ختم ہونے تک مکمل کر لیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چیئرمین نیب سے ملاقات کرکے انہیں آگاہ کیا ہے کہ ریلوے سگنل منصوبہ میں جس نے کرپشن کی اسے سخت سزا دیں اور کیس کا فیصلہ جلد کریں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here