اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک بھر میں پٹرول کے سمگلروں کے خلاف جاری مہم کے تحت 609 پٹرول پمپ سِیل کر دیئے گئے جبکہ تقریباََ 45 لاکھ لٹر پٹرول اور ڈیزل ضبط کر لیا گیا ہے۔
جمعہ کو وزیرِ اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے تیل کی اسمگلنگ کے خلاف بلاامتیاز مہم جاری ہے جس کے واضح اور مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر سِیل کئے گئے پٹرول پمپ کارروائی کے سات دن کے اندر مستند دستاویزات پیش نہیں کرتے تو ریاست کسٹمز ایکٹ کے تحت مالکان کی تمام جائیدادوں کے ساتھ پمپس ضبط کرنے کی مجاز ہو گی اور اس سے یہ اخذ کیا جائے گا کہ یہ جائیدادیں اسمگلنگ کے عمل سے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی ہیں۔