اسلام آباد: سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے محکمہ صحت کیلئے 20 ارب روپے کی لاگت کے چار منصوبوں کی منظوری دے دی۔
سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت سوموار کو منعقد ہوا، اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ، وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں صحت سے متعلق چار منصوبے پیش کیے گئے جس میں پہلا منصوبہ ضلع اٹک میں دو سو بستروں کے زچہ و بچہ ہسپتال اور نرسنگ کالج کے قیام کا تھا جس پر 5817.35 ملین روپے لاگت آئے گی۔
دوسرا منصوبہ راجن پور میں دو سو بستروں کے زچہ و بچہ ہسپتال کی تعمیر اور نرسنگ کالج کے قیام سے متعلق تھا جس کا لاگت کا اندازہ 8055.09 ملین روپے لگایا گیا ہے۔
اجلاس میں تیسرا منصوبہ لیہ میں دو سو بستروں کے زچہ و بچہ ہسپتال اور نرسنگ کالج کے قیام سے متعلق پیش کیا گیا جس کی لاگت کا تخمینہ 5821.36 ملین روپے لگایا گیا ہے۔
سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے غوروخوض کے بعد ماں اور بچے کی صحت سے متعلق تینوں منصوبوں کی منظوری دے دی۔
ماں اور بچوں کے ہسپتالوں کے ان تینوں منصوبوں کا بنیادی مقصد زچگی کے دوران خواتین کو نگہداشت اور علاج معالجے تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔
اجلاس میں صحت کے شعبہ سے متعلق این آئی ایچ ڈی سنٹر آف ایکسی لینس اِن پرونشن، کارڈیو ویسکولر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے نام سے 25 ملین روپے کی لاگت کے منصوبے کو بھی منظور کر لیا گیا۔