فیصل آباد: کورین انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی نے 70 لاکھ ڈالر سے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر قائم کرنے کی منظوری دے دی۔
کورین انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (کوئیکا) پاکستان میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ساتھ غذائیت کے شعبے کو ترقی دینے کے لئے پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر (پی کے این سی) کے منصوبہ پر عملدرآمد کرے گی۔
اس پانچ سالہ منصوبے کے تحت 7 ملین امریکی ڈالرز سے غذائیت کی تعلیم و تحقیق کو فروغ دیتے ہوئے پاکستان میں خواتین اور بچوں میں غذائی کمی اور صحت کے جملہ مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
اس منصوبے کے لئے ریکارڈ آف ڈسکشن (آر او ڈی) پر دستخط کر دئیے گئے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس مجوزہ منصوبے کے تحت غذائی تعلیم کی بدولت ایک لاکھ 20 ہزار خواتین اور بچے مستفید ہو سکیں گے۔
زرعی یونیورسٹی کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ کمیونٹی کی سطح پر غذائی تعلیم کو عام کرنے کے لئے 50 سرکاری ملازمین بشمول 15 پالیسی ساز اور 30 ماسٹر ٹرینرز کو عصرحاضر میں غذائی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے تربیت دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ماسٹر ٹرینرز پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ اور گلگت بلتستان میں 12 ہزار خواتین ہیلتھ سپروائزرز اور ماہرین کو غذائی کمی جیسے مسائل پر قابو پانے اور تدریسی مواد کی تیاری کی تربیت سے آراستہ کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کوئیکا گرانٹ کے علاوہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان بھی اس منصوبے میں او اینڈ ایم اور ریسرچ سپورٹ کے لئے 1.99 ملین امریکی ڈالر فراہم کر رہا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پروجیکٹ کا مقصد غذائی اجزاء اور خطرات کے تجزیے کے سلسلہ میں پی کے این سی کی تحقیقی صلاحیت کو مستحکم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیوٹریشن سنٹر تحقیقی مہارتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ 10 مختلف اقسام کی مقامی زرعی مصنوعات کی فورٹیفکیشن کا اہتمام بھی کرے گا۔ اس حوالے سے غذائیاتی نقصان دہ اجزاء کی تجزیہ کاری اور اس کے مضر اثرات پر 350 نمونہ جات لینے کے ایس او پیز بھی تیار کئے جائیں گے۔