اسلام آباد: جاری مالی سال کے ابتدائی چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران پاکستان کی فارما سیوٹیکلز کی برآمدات میں 22.29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2020ء تک فارما سیوٹیکلز مصنوعات کی برآمدات 89.431 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2019ء کے دوران برآمدات سے 73.129 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:
جولائی تا اکتوبر، پاکستان نے کتنے ملین ڈالر کی کٹلری مصنوعات برآمد کیں؟
اکتوبر میں بھی پاکستان ٹیکسٹائل برآمدات میں بھارت، بنگلہ دیش سے آگے رہا
چار ماہ میں پاکستان کو ریڈی میڈ گارمنٹس، نیٹ وئیرز، بیڈوئیرز کی برآمدات سے کتنی آمدن ہوئی؟
چین، بھارت کے بجائے بڑے عالمی برانڈز پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کا رُخ کیوں کر رہے ہیں؟
اس طرح گزشتہ مالی سال 2019ء کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ادویہ سازی کی صنعت کی برآمدات میں 16.302 ملین ڈالر یعنی 22 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی بی ایس کے مطابق بالحاظ وزن بھی برآمدات میں 22.87 فیصد اضافہ ہوا، اور برآمدات کا وزن 4722 میٹرک ٹن کے مقابلہ میں 5802 میٹرک ٹن تک بڑھ گیا۔
ادھر اکتوبر2019ء کے مقابلہ میں اکتوبر 2020ء کے دوران برآمدات کی مالیت 20.08 فیصد اضافہ سے 17.520 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 21.038 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔
تاہم ستمبر 2020ء کے مقابلہ میں اکتوبر2020ء کے دوران ادویہ سازی کی صنعت کی برآمدات میں 23.12 فیصد کمی ہوئی اور برآمدات کا حجم 27.366 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 21.038 ملین ڈالر تک کم ہو گیا۔