مارکیز سے متعلق حکومت کا دوہرا معیار کیوں؟ اسلام آباد ہائیکورٹ

ان ڈور شادیوں پر پابندی کیخلاف درخواست پر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا مجاز افسر 18 نومبر کو ذاتی حیثیت میں طلب

457

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے کورونا کی وجہ سے شادی ہالز میں تقریبات پر پابندی کے خلاف درخواست پر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے مجاز افسر کو 18 نومبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

عدالت نے کہا کہ مارکیز سے متعلق حکومت کا دوہرا معیار کیوں ہے وضاحت کی جائے، حکومت خود بڑے جلسے کر رہی ہے۔

دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ اگر کسی شادی میں کورونا پھیل جائے تو عدالت اس کی ذمہ داری نہیں لے سکتی، حکومت سے یہ ضرور پوچھ لیتے ہیں کہ مارکیز کے ساتھ امتیازی سلوک کیوں رکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کا کورونا سے انتقال

خیبر پختونخوا کے بعد لاہور میں بھی مالکان کا شادی ہالز بند کرنے سے انکار

لاہور چیمبر بھی شادی ہالز کی بندش کیخلاف، حکومتی فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ

اس موقع پر درخواستگزار کے وکیل سردار تیمور اسلم نے عدالت کو بتایا کہ این سی او سی نے چھ نومبر کو نوٹی فکیشن جاری کیا کہ 20 نومبر سے ان ڈور شادیوں کی اجازت نہیں ہو گی۔

وکیل نے کہا کہ پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کر رہے، لیکن جو فیصلہ کرنا ہے اس میں ہماری رائے شامل ہونی چاہئے، مارکیز کے خلاف کیوں ایسا ہو رہا ہے، اگر کوئی مارکی کسی ضابطہ اخلاق کی پابندی نہ کر رہی ہو تو اس کو بے شک بند کردیں۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اب آپ دوسروں پر بھی پابندی لگوائیں گے یا آپ سے بھی ہٹ جائے گی۔ عدالت نے جواب طلب کرتے ہوئے 18 نومبر تک کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ 6 نومبر کو حکومت نے اِن ڈور شادی کی تقریبات پر 20 نومبر سے 31 جنوری 2021ء تک پابندی عائد کر دی تھی۔ این سی او سی کے مطابق 20 نومبر سے 31 جنوری تک شادی ہالز کے اندر تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی، آؤٹ ڈور شادی کی تقریب میں ایک ہزار سے زائد افراد شریک نہیں ہو سکیں گے جبکہ اس دوران  ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرنا لازم ہو گا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے سرکاری اور نجی دفاتر کے ملازمین کے حوالے سے کہا ہے کہ سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد ملازمین کام کریں گے، باقی ملازمین گھر سے کام کریں گے۔ این سی او سی نے سٹیج ٹو کے تحت ماسک کا استعمال نہ کرنے پر 100 روپیہ جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here