اسلام آباد: ایک ماہ کے دوران ملک بھر میں تقریباََ 12 ہزار کاریں جبکہ پونے دو لاکھ موٹرسائیکلز اور تھری وہیلرز فروخت ہوئے، کاروں کی فروخت میں 25.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2020ء کے دورا ں کاروں کی فروخت 11 ہزار 997 یونٹس تک بڑھ گئی، گزشتہ سال اکتوبر میں کاروں کی فروخت 9 ہزار 566 یونٹس رہی تھی۔
سالانہ بنیادوں پر کاروں کی فروخت میں 8 فیصد اضافہ ہوا، رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران کاروں کی فروخت 43 ہزار 865 یونٹس ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 40 ہزار 583 یونٹس رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیے:
جلد لاہور کی سڑکوں پر برقی بسیں چلتی نظر آئیں گی
پاکستان میں الیکٹرک بسوں کی مینوفیکچرنگ، دو نئی کمپنیاں میدان میں
اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ ہونڈا سوک اور سٹی فروخت ہوئیں، دونوں کاروں کی فروخت اکتوبر 2019ء میں ایک ہزار 32 یونٹس کے مقابلے میں 80 فیصد اضافے سے اکتوبر 2020ء کے دوران ایک ہزار 858 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔
سوزوکی ویگن آر دوسری گاڑی رہی جس کی فروخت میں 70 فیصد اضافہ دیکھا گیا، اکتوبر 2020ء میں ویگن آر کے ایک ہزار 198 یونٹس فروخت ہوئے جبکہ گزشتہ سال اکتوبر میں اسکے 530 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔
اسی طرح سوزوکی سوئفٹ کی فروخت میں اکتوبر 2020ء کے دوران 19 فیصد اضافہ ہوا، اس کے اکتوبر 2019ء کے 151 یونٹس کے مقابلے میں اکتوبر 2020ء کے دوران 180 یونٹس فروخت ہوئے۔
دوسری جانب سوزوکی آلٹو کی فروخت میں 48 فیصد کمی آئی، اکتوبر 2019ء میں اس کے چار ہزار 48 یونٹس کے مقابلے میں اکتوبر 2020ء کے دوران دو ہزار 893 یونٹس فروخت ہو سکے۔
ٹویوٹا یارس کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر 26 فیصد اضافہ ہوا، اکتوبر 2020ء میں اس کے تین ہزار 4558 یونٹس فروخت ہوئے جبکہ ستمبر 2020ء کے دوران یارس کے دو ہزار 421 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔
اس دوران جیپوں، ٹریکٹروں، تھری وہیلرز اور موٹر سائیکلوں کی فروخت میں بھی 11 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ موٹرسائیکلز اور تھری وہیلرز کے اکتوبر 2019ء میں ایک لاکھ 56 ہزار 872 یونٹس کے مقابلے میں اکتوبر 2020ء کے دوران ایک لاکھ 75 ہزار 294 یونٹس فروخت ہوئے۔
آٹو موبائل سیکٹر کے ماہرین کے مطابق کاروں کی فروخت میں اضافے کا بنیادی سبب معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہے کیونکہ وبا کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں سست روی کا شکار تھیں اور گاڑیاں اور موٹرسائیکلز تیار کرنے والی صنعتوں نے اپنی پیداوار میں خاطر خواہ کمی کر دی تھی
انہوں نے کہا کہ کم شرح سود کے باعث آنے والے وقت میں گاڑیوں کی فروخت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔