ٹی ڈی سی پی کو 28 سال قبل الاٹ شدہ رقبہ میں سے 2 کنال سے زائد واگزار

1097

ملتان: ٹورازم  ڈویلپمنٹ کارپوریشن (ٹی ڈی سی پی) کو دریائے چناب کے کنارے ریزورٹ بنانے کے لیے الاٹ شدہ رقبہ میں سے دو کنال پانچ مرلہ اراضی واگزار کرا لی گئی۔

ٹی ڈی سی پی کو 1992ء میں ملتان کی طرف دریائے چناب کے کنارے 14 کنال رقبہ ریزورٹ کی تعمیر کے لیے پنجاب حکومت نے الاٹ کیا تھا تاہم بروقت ریزورٹ کی تعمیر نہ ہونے اور ٹی ڈی سی پی کی طرف سے اس جگہ کا باقاعدہ قبضہ حاصل نہ کرنے کی وجہ سے اس کے کچھ حصہ پر ناجائز رہائشی تعمیرات قائم ہو کی تھیں۔

اسی طرح تین کنال جگہ پر پنجاب ہائی وے پٹرولنگ نے چوکی قائم کر لی جو 2010ء کے شدید سیلاب کے باعث گر گئی اور اس کے چند حصے تاحال کھنڈرات کی شکل میں موجود ہیں۔

ٹی ڈی سی پی حکام کی طرف سے 2020ء میں اچانک اس جگہ کی ملکیت لینے کا خیال آنے پر قانونی کارروائی شروع کی گئی جس پر اے ڈی سی آر نے قانون گو اور پٹواری کو ساتھ لے کر ٹی ڈی سی پی کی 14 کنال جگہ میں سے خالی موجود صرف دو کنال پانچ مرلہ جگہ ٹی ڈی سی پی ریجنل منیجر ملتان اشعر اقبال ملک کے حوالے کر دی۔

ناجائز تعمیرات کرنے والوں کو جگہ خالی کرنے کی وارننگ دے کر کہا گیا ہے کہ آئندہ مجسٹریٹ اور پولیس کی موجودگی میں باقی جگہ ٹی ڈی سی پی حکام کے حوالے کی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here