اسلام آباد: ملک میں لائٹ کمرشل گاڑیوں، وینز اور جیپوں کی فروخت میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 98.86 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے ستمبر 2020ء تک ملک میں لائٹ کمرشل گاڑیوں، وینز اور جیپوں کے ایک ہزار 655 یونٹس کی پیداوار اور ایک ہزار 579 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔
یہ پیداوار اور فروخت گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 98.86 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں لائٹ کمرشل گاڑیوں، وینز اور جیپوں کے 867 یونٹس کی پیداوار اور 794 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
ماہانہ اعتبار سے دیکھا جائے تو ستمبر 2020ء میں لائٹ کمرشل گاڑیوں، وینز اور جیپوں کے 758 یونٹس کی پیداوار اور 755 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ سال ستمبر میں ملک میں لائٹ کمرشل گاڑیوں، وینز اور جیپوں کی 78 یونٹس کی پیداوار اور 182 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ہنڈائی آر وی کے 960 یونٹس کی پیداوار اور 952 یونٹس کی فروخت دیکھنے میں آئی۔
ٹویوٹا فاچونر کے 408 یونٹس کی پیداوار اور 390 یونٹس کی فروخت جبکہ ہنڈائی ٹکسن کے 287 یونٹس کی پیداوار اور 237 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔