اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے پولٹری پروگرام کے تحت وفاقی دارالحکومت میں رجسٹرڈ خاندانوں میں پانچ مرغیوں اور ایک مرغے کے سیٹ تقسیم کیے گئے۔
اس حوالے سے تقریب اسلام آباد کے لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے تحت نیشنل ایگری کلچرل ریسرچ سنٹر میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے پرندوں کے سیٹ تقسیم کیے۔
اس موقع پر اسلام آباد لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ سمیت القیرش میٹ ویلفئیر آرگنائزیشن کے اہلکار بھی موجود تھے۔
مزید برآں تقریب میں سی ای او لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ بورڈ ڈاکٹر فتح اللہ خان، پراجیکٹ مینیجر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ بورڈ ڈاکٹر شعیب سلیم، ڈاکٹر تابندہ خواجہ اور ڈاکٹر محسن کیانی بھی شریک تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فتح اللہ خان کا کہنا تھا کہ مرغیوں اور مرغے کے اس سیٹ کا استعمال خوراک میں انڈوں کو شامل کرنے اور انہیں فروخت کرکے آمدن میں اضافے کے لیے کیا جاسکتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ نے مرغیوں کی جو قسم تقسیم کی ہے وہ پینتالیس دنوں میں انڈے دینا شروع کردے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے پولٹری پروگرام کے ذریعے غریب اور متوسط طبقہ اپنی خوراک کی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ آمدن میں بھی اضافہ کرسکتا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تنقید کے باوجود وزیراعظم عمران خان کے منصوبے بہت کامیابی سےجاری ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر وزیراعظم کے پولٹری پروگرام کے تناظر میں اسلام آباد لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے اقدامات اور کارکردگی کی بھی تعریف کی۔
اس موقع پر لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے علی نواز اعوان کو اسلام آباد میں مذبح خانے نہ ہونے کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ اس وجہ سے شہر میں مضر صحت اور غیر معیاری گوشت کی فروخت جاری ہے ۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں مذبح خانوں کی عدم دستیابی سے آگاہ کرنے پر شہر میں جدید سلاٹر ہاؤسز قائم کرنے کا اعلان کردیا۔