خلیجی  ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں دو ماہ میں 5.04 فیصد اضافہ

جولائی سے اگست 2020ء تک بحرین، کویت، قطر، عمان، سعودی عرب، یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں نے 523.04 ملین ڈالر زرمبادلہ پاکستان بھیجا

628

اسلام آباد: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے علاوہ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں 5.04 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے لے کر اگست 2020ء تک کی مدت میں بحرین، کویت، قطر اور اومان میں مقیم پاکستانیوں نے 523.04 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 5.04 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں بحرین، کویت، قطر اور عمان میں مقیم پاکستانیوں نے 497.92  ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: 

معیشت کیلئے اچھی خبر، مسلسل تیسرے ماہ 2 ارب ڈالرز سے زائد ترسیلات زر موصول

ٹریژری بلز میں اگست کے دوران 8 لاکھ 36 ہزار ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری

پاکستانی معیشت پر دنیا کا اعتماد بحال، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 2 ماہ میں 40 فیصد اضافہ

اعداد و شمار کے مطابق اگست 2020ء میں ان ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 226.09 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا، گزشتہ سال اگست میں ان ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 224.57 ملین ڈالرکا زرمبادلہ بھیجا تھا۔

حکومت کی جانب سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی اور ترغیبات کے نتیجہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں سمندر پار مقیم  پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرمیں گزشتہ مالی سال کے اسی مدت کے مقابلے میں 31.61 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

جولائی سے اگست 2020ء تک کی مدت میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 4.863 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 3.712 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here