نادرا اور ایف بی آر کے درمیان ڈیٹا شئیرنگ ذیلی گروپ تشکیل

525

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے نادرا اور ایف بی آر کے درمیان ڈیٹا شئیرنگ اور ڈیٹا کے تجزیہ پر زور دیتے ہوئے دونوں اداروں کے درمیان ڈیٹا شئیرنگ اور تجزیہ میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنے کیلئے ذیلی گروپ تشکیل دے دیا۔

یہ فیصلہ جمعرات کو ایف بی آر کے ہیڈ کوارٹرز میں ایف بی آر پالیسی بورڈ کے دوسرے اجلاس میں کیا گیا، مشیر برائے خزانہ نے اجلاس کی صدارت کی۔ چئیرمین ایف بی آر نے انہیں ایف بی آر اور کسٹمز کے انسانی وسائل کی بہتری، ترقی اور آٹومیشن کے ضمن میں اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے وزیراعظم کے مشیر کو مختلف اقدامات، مستبقل کے لائحہ عمل، عملہ کی مہارت، قابلیت اوراستعداد کار اور انتظامی قابلیت میں بہتری اور کارکردگی کی بنیاد پر ترقی و مراعات کی پالیسی بارے بھی آگاہی دی۔

چئیرمین ایف بی آر نے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو کارگردگی اور فعالیت میں بہتری لانے کیلئے آئرس سافٹ وئیر کے بینر تلے مختلف پلیٹ فارمز کو یکجا کرنے کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے وزیراعظم کے مشیر کو بتایا کہ سیلز ٹیکس رجسٹریشن ویری فیکیشن کیلئے ٹیکنالوجی کی بنیاد پر طریقہ کارمرتب کیا گیا ہے جس میں ایف بی آر کے افسران ٹیبلیٹس کے ذریعہ حقیقی معلومات، تصاویر اور جی پی ایس کے ذریعہ کاروباری ادارہ میں  جا کر مطلوبہ معلومات کی تصدیق کرتے ہیں۔

اجلاس میں ایف بی آر اور 12 دیگر اداروں کے درمیان ڈیٹا کے تبادلہ سے متعلق معاہدوں پر بھی گفت و شنید ہوئی۔

ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے نادرا اور ایف بی آر کے درمیان ڈیٹا شئیرنگ اور ڈیٹا کے تجزیہ پر زور دیا۔ انہوں نے ایف بی آر اور نادرا کے درمیان ڈیٹا شئیرنگ اور تجزیہ میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنے کیلئے ذیلی گروپ تشکیل دے دیا۔

ذیلی گروپ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، وزیراعظم کے مشیر عشرت حسین، فیض کموکہ، چئیرمین ایف بی آر اور چئیرمین نادرا پر مشتمل ہے، گروپ ایک ہفتہ میں اپنی رپورٹ داخل کرے گا۔

وزیراعظم کے مشیر نے طورخم بارڈر پر کنٹینرز روکنے سے تاجروں کو درپیش مسائل کا خصوصی نوٹس لیا۔ ممبر کسٹمز نے اجلاس کو بتایا کہ تمام ضروری اقدامات کر لئے گئے ہیں اور آنیوالے چند ہفتوں میں یہ مئسلہ حل ہو جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here