آسٹریلوی کمپنی پاکستان میں قابل تجدید توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی خواہاں

فورٹسکیو میٹلز گروپ لمیٹڈ کے چیئرمین اینڈریو فورسٹ کی عمران خان سے ملاقات، وزیراعظم کی سرمایہ کاروں کو ہر سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی

226

اسلام آباد: آسٹریلیا کے فورٹسکیو میٹلز گروپ لمیٹڈ نے پاکستان میں قابل تجدید توانائی اور گرین انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کر دی۔

گزشتہ روز فورٹسکیو میٹلز گروپ لمیٹڈ کے چیئرمین اینڈریو فورسٹ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ اس دوران وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف آر بخاری بھی موجود تھے۔

وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اینڈریو فورسٹ کا خیرمقدم کیا اور انہیں کورونا وباء کے تناظر میں ملک کی اقتصادی بحالی اور موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

آسٹریلوی کمپنی فورٹسکیو میٹلز گروپ لمیٹڈ کے چیئرمین اینڈریو فورسٹ کی قیادت میں وفد کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات (فوٹو: پی آئی ڈی)

انہوں نے سمارٹ لاک ڈاﺅنز کے ذریعے کورونا کی وباء کو روکنے کی حکومتی حکمت عملی اور احساس پروگرام کے ذریعے کروڑوں غریب لوگوں کو امداد کی فراہمی کے بارے میں بھی بتایا۔

اس موقع پر اینڈریو فورسٹ نے حکومت پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے اختیار کی گئی پالیسی کو سراہا۔ انہوں نے فورٹسکیو میٹلز گروپ لمیٹڈ کی جانب سے قابل تجدید توانائی اور گرین انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فورٹسکیو میٹلز گروپ لمیٹڈ کی سرمایہ کاری سے مقامی آبادی کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی صنعتوں کیلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے فورٹسکیو میٹلز گروپ کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان میں کاروباری منصوبے شروع کرنے کے حوالہ سے انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

بعد ازاں فورٹسکیو گروپ کے چیئرمین اینڈریو فورسٹ کی سربراہی میں آسٹریلوی وفد نے صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کی۔

ایوان صدر میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے ایک لبرل اور سرمایہ کاری دوست پالیسی اپنائی ہے لہٰذا غیر ملکی سرمایہ کاروں کو لبرل سرمایہ کاری کے ماحول سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی سرمایہ کاری پالیسی غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے کے لئے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتی ہے۔

آسٹریلوی کمپنی فورٹسکیو میٹلز گروپ لمیٹڈ کے چیئرمین اینڈریو فورسٹ کی قیادت میں وفد کی صدر ملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر میں ملاقات (فوٹو:اے پی پی)

صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو معدنیات کے شعبے میں مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں 80,000 میگاواٹ ہائیڈل بجلی پیدا کرنے کے مواقع موجود ہیں۔

اینڈریو فورسٹ نے کہا کہ فورٹسکیو گروپ پن بجلی اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کا خواہشمند ہے۔

واضح رہے کہ فورٹسکیو میٹلز گروپ لمیٹڈ آئرن اور انڈسٹری، قابل تجدید توانائی و وسائل کے شعبوں میں گلوبل لیڈر کی حیثیت رکھتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here