’برآمدات کی بحالی، ریکارڈ ترسیلات زر، معیشت درست راہ پر گامزن‘

جولائی 2019ء میں 613 ملین ڈالر کے مقابلے میں جون 2020ء میں 100 ملین ڈالر کے خسارے کے بعد صورتحال سنبھل گئی ہے، وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹ

609
Digital Economy

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت درست راہ پر گامزن ہے، جولائی 2019ء میں 613 ملین ڈالر خسارے کے مقابلے میں جون 2020ء میں 100 ملین ڈالر کے خسارے کے بعد صورتحال سنبھل گئی ہے۔

پیر کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ جولائی 2020ء میں کرنٹ اکائونٹ میں 424 ملین ڈالر اضافی (سرپلس) جمع ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال میں یہ ٹھوس بہتری برآمدات، جو جون 2020ء کی نسبت 20 فیصد زیادہ رہیں، کی مسلسل بحالی اور ریکارڈ ترسیلاتِ زر کا نتیجہ ہے۔

واضح رہے کہ جولائی میں بیرون ممالک مقیم پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات زر بڑھ کر 2768.1 ملین ڈالر ہو گئیں، یہ کسی ایک مہینے میں پاکستان میں آنے والی ترسیلات ِزر کی بلند ترین سطح ہے۔

بینک دولت پاکستان سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ترسیلات ِزر نمو کے اعتبار سے جولائی 2019ء کے مقابلے میں سال بہ سال کے لحاظ سے 36.5 فیصد اور جون 2020ء کے مقابلے میں ماہ بہ ماہ کے لحاظ سے 12.2 فیصد بڑھی ہیں۔

عالمی سطح پر کورونا وائرس کے اثرات کے پیش نظر پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات ِزر میں یہ اضافہ حوصلہ افزا ہے۔

جولائی میں سعودی عرب سے 821.6 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 538.2 ملین ڈالر، برطانیہ سے  393.9 ملین ڈالر اور امریکہ سے 250.6 ملین ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔

گذشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں ترسیلات ِزر کی شرح نمو پچھلی دہائی کے دوران عیدالاضحی کے حوالے سے ہونے والے موسمی اضافے سے تقریبا دگنی زیادہ ہے۔

اب تک کئی عوامل نے ممکنہ طور پر ترسیلات ِزر میں نمو کو تقویت دی ہے جن میں ایکسچینج ریٹ کے حوالے سے منظم صورت ِحال اور پاکستان ریمیٹنس انیشی ایٹو کے تحت سٹیٹ بینک اور وفاقی حکومت کے پالیسی اقدامات شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here