کیلی فورنیا: سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے کورونا وائرس کے باعث اپنے ملازمین کو آئندہ سال جولائی تک گھر سے کام کرنے کی اجازت دے دی۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق فیس بک کی ترجمان نے کہا کہ ہم شعبہ صحت اور حکومتی ماہرین کی ہدایات اور مشاورت سے کمپنی افسران کے ساتھ بات چیت کے بعد اپنے ملازمین کو جولائی 2021ء تک گھروں سے کام جاری رکھنے کی اجازت دے رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ملازمین کو گھر میں دفتری اخراجات کی مد میں اضافی ایک ہزار ڈالر بھی دے رہے ہیں۔
فیس بک نے کہا ہے کہ کمپنی حکومتی رہنمائی کے مطابق محدود پیمانے پر دفاتر دوبارہ کھولے گی جبکہ اس بات کا امکان نہیں کہ کورونا وائرس کے زیادہ کیسز کے باعث رواں سال کے اختتام سے قبل امریکہ اور لاطینی امریکہ میں معمول کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوں گی۔
واضح رہے کہ گوگل نے اپنے ملازمین کو جون 2021ء تک جبکہ ٹویٹر نے اپنے بعض ملازمین کو غیر معینہ مدت تک گھروں سے کام کی اجازت دینے کا عندیہ دیا ہے۔