کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 329 پوائنٹس اضافہ ہوا اور یہ 37330 پوائنٹس پر بند ہوا، رواں کاروباری ہفتے کے دوران سٹاک مارکیٹ میں 3.15 فیصد کا اضافہ ہوا۔
جمعہ کے کاروباری روز کا آغاز ہوا تو کے ایس ای 100 انڈیکس میں دن بھر مثبت رجحان رہا اور 352 پوائنٹس اضافے سے انڈیکس میں 37354 پوائنٹس کا زیادہ سے زیادہ اضافہ ہوا۔ تاہم، کاروبار کا اختتام 329 پوائنٹس اضافے سے 37330 پوائنٹس پر ہوا۔
دیگر اعشاریوں میں کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 376 پوائنٹس اضافے سے یہ 60264 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیرانڈیکس میں 279 پوائنٹس اضافے سے یہ 26741 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری روز کے دوران 236 کمپنیوں نے مثبت جبکہ 94 کمپنیوں نے منفی کاروبار کیا۔
گزشتہ روز (جمعرات) کے کاروباری سیشن کے دوران مجموعی مارکیٹ حجم 402.04 ملین شئیرز سے بڑھ کر 466.04 ملین شئیرز ہو گئے ہیں۔ ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ، لوٹے کیمیکل پاکستان لمیٹڈ اور یونٹی فوڈز لمیٹڈ سٹاک مارکیٹ میں برتر رہے۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں انویسٹمنٹ بینکنگ، کھاد اور پاور جنریشن اینڈ ڈسٹری بیوشن کے شعبے بھی مستحکم نظر آئے، دیگر کمپنیوں میں داؤد ہرکیولز کارپوریشن لمیٹڈ، اینگرو کارپوریشن اور حب پاور کمپنی بھی سرِفہرست دکھائی دیے۔
اس دوران ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ نے اپنے مالی سال 2019 کے مالی نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ کمپنی کو 1.85 ارب روپے کا مجموعی طور پر نقصان ہوا ہے کیونکہ سالانہ اعتبار سے مالی سال 2018 میں کمپنی کی ترسیلی لاگت اور دیگر اخراجات میں 15.24 فیصد اضافہ ہوا تھا جو 1.09 ارب روپے سے بڑھ کر 8.79 ارب روپے تک جاپہنچے تھے۔