سی پیک : پاکستان اور چین کے درمیان آزاد پتن ہائیڈل پاور منصوبے کی تعمیر کا معاہدہ طے پاگیا

700میگاواٹ کا منصوبہ آزاد کشمیر میں دریائے جہلم پر بنایا جائے گا، منصوبے کے لیے کوئی قرض نہیں لیا گیا، سستی بجلی کی پیداوار سمیت تین ہزار افراد کو روزگار ملے گا

595

اسلام آباد : پاکستان اور چین کے درمیان آزاد پتن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کا معاہدہ طے پاگیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان، وزیر پٹرولیم اور توانائی عمر ایوب خان، مشیر اطلاعات اور سربراہ سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ بھی موجود تھے۔

معاہدے پر دستخظ کی اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور یہ منصوبہ پاکستان کا مستقبل ہے۔

انکا کہنا تھا کہ چین ابھرتی ہوئی معاشی طاقت ہے اور ہم اپنے ہمسائے سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے :

پاکستان پانی سے بجلی کی ریکارڈ پیداوار حاصل کرنے میں کامیاب   

1124 میگا واٹ کے کوہالہ پن بجلی منصوبے کے معاہدہ پر دستخط

منصوبے سے متعلق سی پیک اتھارٹی کے چئیرمین لیٖفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کا ٹویٹر پر کہنا تھا کہ یہ منصوبہ سی پیک کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ ملک تیزی سے توانائی کے سستے اور ماحول دوست ذرائع کی جانب منتقل ہورہا ہے اورہائیڈل پاور پراجیکٹس کی تکمیل کے بعد ملک کو توانائی کی پیداوار کے لیے مہنگا ایندھن نہیں منگوانا پڑے گا جس سے زر مبادلہ کی بچت ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ آزاد پتن ہائیڈل پاور پراجیکٹ 1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے نتیجےمیں بنے گا اور اسکے لیے کوئی قرض نہیں لیا گیا اور اس سے تین ہزار افراد کو روزگار میسر آئے گا۔

مزید برآں منصوبے سے متعلق وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت سی پیک منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پر عزم ہے۔

انکا کہنا تھا کہ 11 سو میگاواٹ کے کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے معاہدے کے بعد 7 سو میگاواٹ کے آزاد پتن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا معاہدہ حکومت کے سی پیک منصوبوں کو مکمل کرنے اور مقامی طور پر صاف ستھری توانائی کے حصول کے عزم کا عکاس ہے۔

آزاد پتن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ آزاد کشمیرکے ضلع سدھانوتی میں دریا جہلم پر بنایا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here