بیجنگ: چین میں رواں سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 3 کھرب یوآن سے زیادہ رہی.
سرمایہ کاری کا حجم یہ گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں 3.8 فیصد کم ہے جبکہ مئی میں ملک بھر میں بیرونی سرمائے کے حقیقی استعمال میں گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں7.5 فیصد کا اضافہ ہواہے۔
چین کی وزارت تجارت کے ترجمان گاو فنگ نے بتایا کہ رواں سال پہلے پانچ ماہ کے دوران براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 3 کھرب 55 ارب 18 کروڑ یوآن رہی۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے سلسلے میں جنوری سے مئی تک چین نے دنیا کے 157 ممالک اور خطوں میں 3570 صنعتی و کاروباری اداروں میں غیر مالیاتی براہ راست سرمایہ کاری کی ہے جس کی مجموعی مالیت 2 کھرب 96 ارب 27 کروڑ یوآن رہی جو گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں 1.6 فیصد کم ہے۔
گاو فنگ نے کہا کہ چین اور ”دی بیلٹ اینڈ روڈ” سے وابستہ ممالک کے درمیان سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ رواں سال جنوری سے مئی تک چین کی ”دی بیلٹ اینڈ روڈ” سے وابستہ ممالک میں غیر مالیاتی براہ راست سرمایہ کاری میں گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں 16 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو اس عرصے میں چین کی بیرون ملک مجموعی سرمایہ کاری کا 15.5 فیصد بنتا ہے