اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے حکومت کی طرف سے کسانوں اور کاشت کاروں کیلئے حال ہی میں اعلان کردہ 50 ارب روپے مالیت کے زرعی پیکج کی مبنی برہدف تقسیم کو یقینی بنانے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی شعبہ کیلئے امدادی پیکج کا مقصد کاشت کار برادری کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
فارمرزایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے یقین دلایا کہ 50 ارب روپے مالیت کے زرعی پیکج کی کسانوں اور کاشت کاروں میں براہ راست تقسیم بدستور حکومت کے اہم اہداف میں شامل ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، فارمرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، ایسوسی ایشن کے وائس چئیرمین اور پنجاب کے وزیر برائے منیجمنٹ و پیشہ وارانہ ترقی مخدوم حسین جہانیاں گردیزی، ایسوسی ایشن کے منیجنگ ڈایریکٹرملک آفاق ٹوانہ ، ڈائریکٹرافضل حیدررضوی، سیکرٹری خزانہ نویدکامران بلوچ اورچئیرپرسن ایف بی آر نوشین جاوید امجد بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
وزیراعظم کے مشیر نے وفد کی جانب سے ٹیوب ویلوں کیلئے بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی، کھادوں پردرآمدی ڈیوٹی میں کمی، زرعی قرضوں کے مارک اپ میں کمی و معافی، زرعی مصنوعات و لائیو سٹاک پر امپورٹ اور ایکسپورٹ میں ضابطوں میں نرمی سمیت مختلف تجاویز اور سفارشات کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت 50 ارب روپے مالیت کے زرعی امدادی پیکج کی تقسیم کے طریقہ کار کو مزید بہتربنانے کیلئے متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے تجاویز اورسفارشات پرعمل درآمد کرے گی، اس کے ساتھ ساتھ حکومت وفاقی وزارت غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے کسانوں کومزید ریلیف فراہم کرنے کی سفارشات پربھی غورکرے گی تاکہ زرعی شعبہ کو فروغ ملے اورکسانوں کو بھی فائدہ ہوسکے۔
ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے بعد کی صورتحال میں ملازمتوں کے مواقع بڑھانے، بڑھوتری، تخفیف غربت اورغذائی سلامتی کے فروغ میں زراعت کا شعبہ وسیع استعداد کا حامل ہے۔
انہوں نے فارمرزایسوسی ایشن کی قیادت اور متعلقہ وزارتوں کو مل بیٹھ کر زرعی پیکج کی تقسیم کو مزید بہتر بنانے کیلئے تجاویز اورسفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی۔