منافع جات کی مد میں عالمی سرمایہ کار کمپنیاں کتنے ارب ڈالر بیرون ملک منتقل کر چکی ہیں؟

557

اسلام آباد: رواں مالی سال کے دوران غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے منافع جات کی منتقلی میں 3.47 فیصد کمی ہوئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں نے 1.194 ارب ڈالر کے منافع جات کی بیرون ملک منتقلی کی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران منافع جات کی مد میں 1.237 ارب ڈالر منتقل کئے گئے تھے۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران منافع جات کی منتقلی میں 3.47 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایس بی پی کے مطابق مارچ 2020ء کے دوران غیر ملکی کمپنیوں نے 30.7 ملین ڈالر کے منافع جات اور ڈیوڈنڈ کمائے تھے جبکہ اپریل 2020ء میں منافع جات اور ڈیوڈنڈ کا حجم 190.4 ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔

رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے دوران فوڈ سیکٹر کی جانب سے 59.3 ملین ڈالرز کی منتقلی کی گئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 86.3 ملین ڈالرز کی بیرون ملک منتقلی کی گئی تھی۔

اسی طرح پاور سیکٹر سے منافع جات کی منتقلی 103.7 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 68 ملین ڈالر تک کم ہوئی ہے۔

ایس بی پی نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران خوراک، توانائی اور مواصلات کے شعبوں سے منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here