اسلام آباد: یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر عمر لودھی نے کہا کہ ملک بھر میں عوام اور بالخصوص پچھڑے ہوئے طبقات کی خدمت کے لیے ٹوٹیلیٹی سٹور کھلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس مشکل وقت میں جب پورا ملک ہی لاک ڈائون میں ہے، یوٹیلیٹی سٹورز اپنے صارفین کو سبسڈی پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔
یو ایس سی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے کورونا وائرس کے خطرات کے باوجود عوام کی خدمت کرنے پر عملے کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سٹورز پر کورونا وائرس سے بچائو کے لیے عملے اور صارفین کے تحفظ کے لیے ناگزیر اقدامات کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں لاک ڈائون کے بعد یوٹیلیٹی سٹورز کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یو ایس سی کی انتظامیہ ہمہ وقت صارفین کو کم قیمتوں پر تمام اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں مصروف ہے تاکہ ان کی مدد ہو سکے اور وہ ان مشکل حالات میں آسانی کے ساتھ اشیائے ضروریہ حاصل کر سکیں۔