پاکستان میں کورونا وائرس کے26 کیسز رپورٹ تعداد 1526 ہو گئی،  12ہلاکتیں،  30 صحتیاب

پنجاب  وائرس سے سب سے زیادہ متاثر، پانچ افراد جان کی بازی ہار چکے، فیصل آباد میں 22 نوجوان جاں بحق ، تین صحافی بھی وائرس کا شکار، چین سے ہزاروں کورونا ٹیسٹنگ کٹس اور ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

862

لاہور:پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 1526ہو گئی، اتوار کے روز 26 کیسز رپورٹ ہوئے، ملک بھر میں 12 افراد وائرس کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 30 افراد اب تک صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

 پنجاب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے جہاں اب تک سب سے زیادہ 558کیسز کی تصدیق اور پانچ ہلاکتیں ہو چکی ہیں، لاہور میں 3، فیصل آباد اور راولپنڈی میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ خیبرپختونخوا میں تین ، بلوچستان، سندھ اور گلگت میں ایک ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

اتوار  کو پنجاب میں مزید ایک شخص میں وائرس کی تصدیق کے بعد تعداد 558، سندھ میں 12 نئے کیسز سامنے آنےپر 481، گلگت بلتستان میں 9کیسز سامنے آنے پر116جبکہ وفاقی دارالحکومت میں مزید 4افراد میں کورونا کی تصدیق کے بعد تعداد 43ہو گئی۔

فیصل آباد میں 22 سالہ نوجوان کی موت

پنجاب میں حکام نے فیصل آباد میں پہلے اور صوبے میں پانچویں مریض کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق فیصل آباد میں 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہوا جسے  گزشتہ روز غلام محمد آباد ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

خیبر پختونخوا میں خاتون جاں بحق

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے ایک خاتون انتقال کرگئیں، جس سے صوبے میں اموات کی تعداد 4 ہوگئیں۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات کے مشیر اجمل وزیر نے اس موت کی تصدیق کی اور بتایا کہ خاتون کا تعلق لوئر دیر سے تھا۔

مزید برآں خاتون حال ہی میں عمرے سے واپس آئی تھیں اور ان کے انتقال کے بعد پورے گاؤں کو قرنطینہ کردیا گیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے  تصدیق کی ہے کہ ملک میں تین صحافی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ صحافیوں کا تعلق  پنجاب سے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ این ڈی ایم اے قرنطینہ سینٹر کا دورہ کرنے والے صحافیوں کو حفاظتی کٹس فراہم کرے گا۔

مشرقی، مغربی سرحدیں مزید 2 ہفتے بند

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کا کہنا ہے کہ ملک کی مشرقی اور مغربی سرحدیں کورونا وائرس کی وبا کے باعث مزید 2 ہفتے بند رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہماری بندرگاہیں آپریٹ کر رہی ہیں، وہاں آپریشن جاری رہے گا اور وہاں ہماری اسکریننگ کا عمل بھی چلتا رہے گا۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘بین الاقوامی پروازوں کی آمد پر 4 اپریل تک کی پابندی عائد کی گئی تھی جو قائم رہے گی۔

چینی ڈاکٹروں کی پاکستان آمد

چین سے ہزاروں کورونا ٹیسٹنگ کٹس اور ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی چین کی طرف سے بھجوایا جانے والا امدادی سامان وصول کرنے اور ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لیے ائیرپورٹ پہنچے۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین نے ایک پھر دنیا کو دکھا دیا کہ وہ پاکستان کا دوست ہے، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہے ہیں۔

پولی کلینک کے ڈاکٹر میں وائرس کی تصدیق

 اسلام آباد میں پولی کلینک ہسپتال کے ایک ڈاکٹر میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔چونکہ متاثرہ ڈاکٹر ایک ہاسٹل میں رہائش پذیر تھا تو وہاں رہنے والے باقی تمام ڈاکٹرز کو او جی ڈی سی ایل میڈیکل سینٹر اسلام آباد میں قائم قرنطینہ مرکز بھیج دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے دوسرے بڑے سرکاری ہستپال پولی کلینک کو سیل کیا جارہا ہے۔

سندھ پولیس کا ایک اہکار بھی کورونا وائرس سے متاثر

سندھ پولیس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے ضلع جنوبی میں تفتیشی برانچ میں کام کرنے والے 49 سالہ یٰسین گجر میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ انہیں بخار اور کھانسی ہونے پر چند روز قبل انڈس ہسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ان کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا۔

 تبلیغی جماعت کا مرکز قرنطینہ میں تبدیل

سکھرمیں  شکارپور روڈ پر تبلیغی مرکز  کو قرنطینہ میں تبدیل کردیا گیا۔ مقامی پولیس کے مطابق تبلیغی مرکز میں 100 سے زائد افراد موجود ہیں اور ان تمام افراد کے ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔

دوسری جانب حیدرآباد میں تبلیغی جماعت سے وابستہ چینی شہری میں کورونا وائرس کے معاملے پر وحدت کالونی میں جماعت سے وابستہ 210 افراد کی اسکریننگ مکمل کرلی گئی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ کے مطابق چینی شہری کے 12 قریبی ساتھیوں کے نمونے لیے ہیں جن میں کورونا کی علامات پائی گئی ہیں، نمونے مزید ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے ہیں جس کی رپورٹ کا انتظار ہے۔

کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل

وزارت یوتھ افیئرز کے مطابق وزارت نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس پر کام شروع کردیا ہے، ڈیجیٹل فارم تیار ہے اور  31 مارچ کو سٹیزن پورٹل پر اپ لوڈ کردیا جائے گا، ڈیجیٹل فارم میں نام ،پتہ عمر، موبائل نمبر، یونین کونسل و ضلع کی تفصیلات شامل ہوں گی۔

وزارت نے بتایا کہ کوروناریلیف ٹائیگرز فورس کے لیے رضاکاروں کی رجسٹریشن 10 اپریل تک مکمل ہوجائے گی جب کہ فورس کی تشکیل ہر یونین کونسل میں کی جائے گی۔

خیبر پختونخوا میں 231 سکول قرنطینہ میں تبدیل

خیبرپختونخوا میں 231 اسکولوں کو قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق صوبے کے 35 اضلاع میں مختلف اسکولوں کو قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کردیا گیا ہے جس میں سے لڑکوں کے 133 اور لڑکیوں کے 98 اسکول شامل ہیں۔

لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والے امام مسجد رہا

کراچی میں  عدالت نے نماز جمعہ کے اجتماعات سے متعلق حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر گرفتار کئی مساجد کے اماموں کو ضمانت پر رہا کردیا۔

عدالت نے  تمام افراد کی 5،5 ہزار روپے کے عوض ضمانتیں منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔

عالمی صورت حال

 عالمی سطح پر نوول کورونا وائرس کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق دنیا میں وائرس کا شکار ہو کر فوت ہونے والے افراد کی تعداد 26 ہزار 819 تک پہنچ چکی تھی۔

ویب سائٹ کے مطابق متاثرین کی تعداد 5 لاکھ 76 ہزار 895 تک پہنچ چکی تھی جبکہ ایک لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد صحتیاب بھی ہوئے تھے۔

علاوہ ازیں اٹلی 9 ہزار 134 اموات کے ساتھ سب سے زیادہ متاثرہ ملک تھا جس کے بعد اسپین میں 4 ہزار 934 اموات، چین 3 ہزار 174 اموات اور ایران 2 ہزار 378 اموات کے ساتھ چوتھے نمبر پر تھا۔

ان ممالک علاوہ یورپ کے ایک اور ملک فرانس میں ایک ہزار 696 اموات، برطانیہ میں یہ تعداد 759 تک پہنچ چکی تھی، نیدرلینڈ میں 546 اموات تھیں جبکہ امریکا میں 365 افراد موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here