دبئی: دبئی میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل احمد امجد علی نے کہا ہے کہ 21 ارب کی لاگت سے دبئی میں شروع ہونے جا رہی ایکسپو 2020 میں پاکستانی پویلین کی تعمیر پر کام شروع ہو چکا ہے۔
خلیج ٹائمز کی خبری رپورٹ کے مطابق، یہ پویلین ایکسپو 2020 کے آپرچیونٹی ڈسٹرکٹ میں تعمیر ہو گا جس کا رقبہ 3,449 مربع میٹر سے زیادہ ہے۔ پویلین کا ایک حصہ پاکستان کی نمایاں خواتین اور ٹیک انٹراپرینیورز کی مختلف سماجی اور تعلیمی شعبوں میں عظیم خدمات اجاگر کرنے کے لیے مخصوص ہوگا۔
ایکسپو کا آغاز 20 اکتوبر 2020 سے ہوگا اور یہ چھ ماہ تک جاری رہنے کے بعد 10 اپریل 2021 کو احتتام پذیر ہو جائے گی جس کا موضوع Connecting Minds, Creating the Future ہے جس میں 190 ملکوں کی نمائندگی کی امید کی جا رہی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق، ڈھائی کروڑ لوگ اس نمائش میں شریک ہوں گے۔ پاکستان نے ایکسپو 2020 کے ساتھ شرکت کا معاہدہ اکتوبر 2018 میں اس مقصد کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے کیا تھا تاکہ ملکی ثقافت، سرمایہ کارانہ مواقع، سیاحتی امکانات وغیرہ کو اجاگر کیا جا سکے۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے نہایت قریبی تعلقات ہیں۔ جنوری 2020 میں ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ شیخ محمد بن زائد النہیان نے اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیا اور خلیفہ فنڈ فار انٹرپرائز ڈویلپمنٹ کو پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے 200 ملین ڈالر مختص کرنے کی ہدایت کی۔
ولی عہد نورخان ایئربیس پر پہنچے جہاں ان کا استقبال وزیراعظم عمران خان اور اعلیٰ سرکاری حکام نے کیا۔ وزیراعظم پروٹوکول کو ایک جانب رکھتے ہوئے ایئربیس سے خود گاڑی ڈرائیو کر کے ولی عہد کو وزیراعظم ہائوس لے کر گئے۔
دونوں رہنمائوں نے ملاقات کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مختلف طریقوں پر غور کیا اور مشترکہ دلچسپی کے امور کے علاوہ علاقائی اور عالمی حالات پر بھی بات کی۔
شیخ محمد نے اپنے آفیشل اکائونٹ کے ذریعے ٹویٹ کیا کہ ان کی اپنے دوست وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے اور دونوں نے مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور عالمی ایشوز کے علاوہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی بات کی ہے۔
ولی عہد نے اس دورے سے قطع نظر پاکستان میں معاشی منصوبوں کے لیے 200 ملین ڈالر مختص کرنے کی ہدایت کی۔