شیخ رشید کا سیاست سے ریٹائر ہونے کا عندیہ

مین لائن ون منصوبہ میرا خواب اور مشن، مکمل ہونے پر سیاست سے ریٹائر ہو جائوں گا، وفاقی وزیر ریلوے

1014

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یکم مارچ تک بند پڑی پانچ ڈرائی پورٹس کھول دی جائیں گی تاکہ تاجروں اور کاروباری برادری کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے مغل پورہ ڈرائی پورٹ پر نئی فرائیٹ کنٹینر ٹرین کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ چشتیاں، کندیاں، شیخوپورہ، جیابگا اور مغل پورہ ڈرائی پورٹس یکم مارچ تک آپریشنل کر دی جائیں گی جس سے ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ درآمدکنندگان اور برآمدکنندگان ڈرائی پورٹس کے امور چلانے میں مدد فراہم کریں اور یہ وعدہ کیا کہ ریلوے کے افسران ان کے کاروبار میں ان کے ساتھ تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی ترقی کسی بھی ملک کی معاشی نمو کے لیے نہایت اہم ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا، مغل پورہ ڈرائی پورٹ کا مجموعی رقبہ 31 ایکڑ (کورڈ رقبہ ایک اعشاریہ ایک ایکڑ) ہے۔ ڈرائی پورٹ میں 324 مال بردار گاڑیاں کھڑا کرنے کی جگہ ہے اور اس میں آٹھ لائنیں ہیں۔ اسی طرح اس میں دو ہزار کنٹینر سٹور کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ ڈرائی پورٹ کی آمدن اس وقت 13 ملین روپے ہے اور کنٹینر ٹرین کے کام شروع ہونے کے بعد سالانہ آمدن بڑھ کر 20 ملین تک پہنچ جائے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اور ملکی معیشت میں اس کا حصہ نو ارب ڈالر ہو گا جو آئی ایم ایف کی چھ ارب ڈالر کی سپورٹ سے کہیں زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا، چین پاکستان معاشی راہداری (سی پیک) گیم چینجر ہے اور منصوبے کی راہ میں کوئی سازش یا رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ٹرمینل آپریٹر ڈی پی ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر کا شکریہ کیا جنہوں نے فرائیٹ کوچز کے لیے پانچ ہزار ٹریکر دینے کا وعدہ کیا ہے جن کی تنصیب سے فرائیٹ کوچز کی ٹریکنگ میں مدد حاصل ہو گی۔

 وزیر ریلوے نے کہا، ایم ایل ون منصوبہ ان کا خواب اور مشن ہے جس پر چلنے والی ٹرینوں کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل کے بعد سیاسست سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے کے تحت ٹریک کو سیدھا اور پلوں کو اب گریڈ کیا جائے گا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ وزیر اسد عمر ایم ایل ون منصوبے کے ٹینڈرز جلد جاری کر دیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پشاور سے افغانستان کے شہر جلال آباد تک 154 کلومیٹر طویل ٹریک بھی سی پیک کا حصہ ہو گا۔

انہوں نے کہا، وزیراعظم عمران خان جلد پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کریں گے تاکہ ریلوے کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کا افتتاح کر سکیں۔

پاکستان ریلوے کے چیئرمین حبیب الرحمان گیلانی، پاکستان ریلوے کے تعینات ہونے والے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر و سینئر جنرل منیجر دوست علی لغاری اور پاکستان ریلوے پولیس کے آئی جی مشتاق مہر بھی تقریب میں موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here