اسلام آباد: پنجاب حکومت کی میٹرو بس کے کرائے بڑھانے کی پالیسی کا الٹا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، لاہور اور راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس کے کرائے بڑھانے سے مسافروں کی تعداد میں خاطر خواہ کمی دیکھی گئی ہے۔
انگریزی روزنامہ دی نیوز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کےمطابق پنجاب میٹرو بس اتھارٹی نے کرایہ 20 روپے سے بڑھا کر 30 روپے کر دیا تھا جس کی وجہ سے لاہور میٹرو بس میں روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں 20 ہزار کمی ہوئی ہے جبکہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس میں 10 ہزار سے 20 ہزار مسافر روزانہ کم سفر کر رہے ہیں۔
پنجاب میٹرو بس اتھارٹی کے عہدیدار نے بتایا کہ لاہور اور راولپنڈیی میں 10 روپے کرایہ بڑھانے سے سالانہ 800 ملین روپے زیادہ آمدنی کی توقع تھی لیکن حیران کن طور پر مسافروں کی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس کے مسافروں کو مشکلات کا بھی سامنا ہے کیونکہ زیادہ تر برقی سیڑھیاں اور لفٹیں خراب ہیں، جن کی دیکھ بھال اور مرمت کیلئے سالانہ 200 ملین روپے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن میٹرو بس اتھارٹی کے پاس اتنا بجٹ موجود نہیں ہے۔