کراچی: پاکستان بزنس کونسل کی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان علاقائی طور پر سب سے کم مربوط ممالک میں سے ایک ہے اور اسکی اپنے خطے کے ممالک کیساتھ تجارت نہ ہونے کے برابر ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2018ء میں خطے کے ممالک کو پاکستان کی برآمدات 7.42 فیصد جبکہ ان ممالک سے درآمدات 4.67 فیصد رہیں جبکہ بھارت، افغانستان اور ایران کیساتھ دونوں شعبوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خطے کے ممالک کیساتھ پاکستان کے تجارتی توازن میں گزشتہ دس سالوں کے دوران منفی رجحان دیکھا گیا، گزشتہ سال پاکستان کو 1.06 ارب ڈالر کا خسارہ ہوا۔
بزنس کونسل کی رپورٹ کے مطابق جہاں پاکستان کی دنیا بھر کو برآمدات میں کمی ہوئی ہے وہیں خطے کے ممالک کو برآمدات میں کمی کی شرح کافی زیادہ رہی ہے۔ اس کے برعکس خطے کے ممالک سے درآمدات میں اضافہ ہوا ہے لیکن یہ اضافہ اس شرح سے نہیں ہوا جس طرح دنیا کے دیگر ممالک سے درآمدات میں ہوا ہے۔
بزنس کونسل کے مطابق 2013 میں پاکستان کی بھارت کو برآمدات کا حجم سب سے زیادہ 403 ملین ڈالر تھا تاہم اسی مدت کے دوران درآمدات کا حجم 1.87 ارب ڈالر رہا۔
2018ء میں دونوں ممالک کے مابین تجارتی توازن 1.55 ارب ڈالر تھا جو بھارت کے حق میں رہا، جس میں درآمدات کا حجم 1.93 ارب ڈالر اور برآمدات کا حجم 383 ملین ڈالر رہا۔