ایکنک نے کراچی کیلئے کلک سمیت داسو، بالا کوٹ پاور پراجیکٹس اور چکری میں اسپیس سینٹر کے قیام سمیت 335 ارب روپے سے زائد کے منصوبوں کی منظوری دے دی۔
ایکنک کا اجلاس مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہوا جس میں شہر قائد کو جدید دور کا نیا کراچی بنانے کیلئے کلک پلان کی منظوری دی گئی۔
منصوبے کے مطابق ملک میں روزگار کے سب سے زیادہ مواقع دینے والے شہر قائد کو مسائل کی دلدل سے نکال کر رہائش اور کاروبار کیلئے مثالی شہر بنایا جائے گا، جس کیلئے 33 ارب 60 کروڑ روپے کا کلک پراجیکٹ منظور کرلیا گیا۔
کمپی ٹیٹوو اینڈ لیوایبل سٹی آف کراچی نامی پراجیکٹ کیلئے 32 ارب 20 کروڑ روپے عالمی بینک قرض دے گا، شہر کے محاصل بڑھانے کیلئے ٹیکس نظام میں اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی، پراپرٹی ٹیکس وصولی مقامی حکومتوں کو سونپنے کی تجویز بھی شامل ہے، شہری سہولیات، اربن مینجمنٹ، صنعتی و کاروباری فضا اور آلودہ ماحول بہتر بنانا بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی مالی و تیکنیکی معاونت کرکے اسے فعال اور مؤثر ادارہ بنایا جائے گا، منصوبے میں نجی شعبے کا بھی اہم کردار ہوگا۔
ایکنک اجلاس میں 4320 میگاواٹ کے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ فیز ون کیلئے اراضی خریداری کی نظرثانی شدہ لاگت، بالاکوٹ ہائیڈرو پاور منصوبے کی تعمیر اور سامان کی خریداری، بلوکی اور حویلی بہادر شاہ میں ہاؤسنگ کمپلیکس کی تعمیر سمیت مجموعی طور پر 335 ارب روپے سے زائد مالیت کے متعدد منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے داسو پن بجلی منصوبے کی حصول اراضی اور تعمیر کی لاگت پر نظرثانی کی منظوری دی ہے۔
مشیر خزانہ نے داسو پن بجلی منصوبے کیلئے اراضی کے حصول اور تعمیر کی لاگت سے متعلق وزارت قانون کو ایک ہفتے کے اندر اپنی رائے دینے کی ہدایت کی تاکہ مزید تاخیر سے گریز کیا جاسکے، عالمی بینک اور واپڈا کے اشتراک سے یہ منصوبہ دو مرحلوں میں مکمل ہوگا۔
ایکنک نے داسو پن بجلی گھر کے پہلے مرحلے سے دوہزار ایک سو ساٹھ میگاواٹ بجلی براستہ مانسہرہ اسلام آباد تک پہنچانے کیلئے نظرثانی شدہ قیمت نوے ارب تراسی کروڑ سولہ لاکھ روپے سے زائد کی منظوری دی، تخمینے میں یہ نظرثانی روپے میں قدر کی تبدیلی کے باعث کی گئی ہے۔