بین الاقوامی آن لائن خریداری کمپنی ‘ایمیزون’ کے بانی اور ارب پتی جیف بیزوس کی سابق اہلیہ میکینزی بیزوس نے شوہر سے علیحدگی کے بعد ملنے والی آدھی دولت عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میکینزی بیزوس کو طلاق کے بعد 37 ارب ڈالر کی رقم ملی تھی. بیزوس کی مطلقہ نے ایک بیان میں کہا کہ میری زندگی کی ایک خوشی یہ ہے کہ میں اپنی جائیداد میں سے ایک بڑی رقم عطیہ کر دوں۔
جیف بیزوس کی اہلیہ کا شمار بھی ارب پتی لوگوں میں ہوتا ہے مگر اپنی آدھی دولت عطیہ کرنے کے اعلان کے بعد وہ ان ارب پتی لوگوں میں شمار ہوں گی جو دولت کا ایک بڑا حصہ فلاحی کاموں کے لیے وقف کر دیتے ہیں۔
اس سے قبل مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ اور امریکی ارب پتی وارن بفٹ نے 2010ء میں ایک مہم شروع کی تھی جس میں ارب پتی لوگوں سے اپنی دولت فلاحی کاموں پر صرف کرنے کامطالبہ کیا گیا تھا۔
جیف بیزوس اور ان کی اہلیہ میکینزی 25 سال رشتہ ازدواج میں منسلک رہنے کے بعد رواں سال پانچ اپریل کو علیحدہ ہو گئے تھے. یہ دنیا کی مہنگی ترین طلاق سمجھی جاتی ہے جس میں ایمیزون کمپنی کے سربراہ کو کمپنی کا چار فیصد یعنی 37 ارب ڈالر کی رقم اپنی مطلقہ کو ادا کرنا پڑی تھی.
فوربز میگزین کے مطابق بیزوس کی دولت 1 کھرب 50 ارب ڈالر ہےاور ان کا شمار دنیا کے امیر ترین لوگوں میں ہوتا ہے۔