لاہور: پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمان نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام دوسری انٹرنیشنل ٹیکسٹائل ایکسپو ’’ٹیکسپو‘‘ کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرز کی نمائشوں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔ برآمدات کے فروغ کیلئے تمام متعلقہ سرکاری اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کا ایک پیج پر ہونا ناگزیر ہے اور اس حوالے سے تشکیل پانے والی پالیسیوں پر عملدرآمد میں کوتاہی نہ برتی جائے۔ امید ہے حکومت ماضی کی طرح امسال بھی کارپٹ کی عالمی نمائش کی کامیابی کیلئے اپنا بھرپور تعاون اور معاونت فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایسوسی ایشن کے دفتر میں کارپٹ انڈسٹری سے وابستہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما عبداللطیف ملک‘ ریاض احمد‘ سعید خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اعجاز الرحمان نے کہا کہ غیرملکی خریداروں اور مندوبین کی کارپٹ کی نمائش میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی اور اس کیلئے ہوم ورک شروع کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ سال منعقدہ نمائش میں سامنے آنے والی کمی کوتاہیوں کو دور کیا جائے گا تاکہ نمائش سے سو فیصد نتائج حاصل کئے جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکسپو کی بدولت 600 ملین ڈالر کے برآمداتی معاہدے