فیصل بینک کی جانب سے اسلامی بینکاری کو فروغ، وسائل کی ترقی کے عزم کا اعادہ

773

کراچی: فیصل بینک لمیٹڈ کی جانب سے اگلے چند سالوں میں مکمل طور پر اسلامی بینکاری کی سروسز فراہم کرنے والا ادارہ بننے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فیصل بینک کی ملک بھر میں قائم 455شاخوں میں 255اسلامی بینکاری کی سہولیات فراہم کررہی ہیں۔ رواں سال مزید 100اسلامی شاخوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کے بعد فیصل بینک ملک بھر میں 600سے زائد شاخوں کے ذریعے بینکاری کی سروسز فراہم کرے گا۔ آئی بی اے سٹی کیمپس میں منعقدہ ایک تقریب میں فیصل بینک کے چیئر مین اور چیف ایگزیکٹو جناب یوسف حسین، آئی بی اے سی ای آئی ایف کے چیئرمین جناب ڈاکٹر عشرت حسین اور ڈائریکٹر برائے آئی بی اے سی ای آئی ایف جناب احمد علی صدیقی کے ساتھ ساتھ دونوں اداروں کے مزید کئی اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔ تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جناب یوسف حسین نے کہا کہ پاکستان میں تیزی سے نمو پذیر اسلامی بینکاری کے پھیلائو میں ہر سطح پر تربیت یافتہ اور باصلاحیت افرادی قوت کی ضرورت ہے ۔ہماری آئی بی اے سی ای آئی ایف کے ساتھ شراکت داری سے اسلامی بینکاری کی صنعت کو ماہر افرادی قوت میسر آسکے گی۔ اس شراکت داری سے جہاں ایک طرف ہمیں فائدہ ہوگا وہیں دوسری جانب پوری اسلامی بینکاری کی صنعت کو دوام ملے گا۔اس موقع پر آئی بی اے کے چیئر مین جناب ڈاکٹر عشرت حسین نے آئی بی اے کو ملنے والی حالیہ کامیابیوں اور ایم ایس آئی بی ایف پروگرام پر تفصیلاً روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے بتایا کہ ان فنڈز سے اہلیت پر منتخب ہونے والے ایم ایس آئی بی ایف کے طالب علموں کو اسکالر شپ دی جائے گی جس کا حتمی فیصلہ یونی ورسٹی کی اسکالر شپ کمیٹی کرے گی۔گریجوٹ طالب علموں کو فیصل بینک اسکالرز کہا جائے گا۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل کی نسلوں کو ضروری معلومات اور تعلیم دے کر اُنہیں ملک کے لئے قیمتی اثاثہ بنایا جاسکتا ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار بخوبی ادا کرسکیں ، اس کے لئے فیصل بینک اور آئی بی اے کی شراکت داری کلیدی کردار ادا کرے گی۔ یوسف حسین نے آئی بی اے کے تفصیلاً دورے کے اختتام پر آئی بی اے کی لیڈرشپ کی کاوشوں کو اور ایم ایس پروگرام کو سراہا جو پورے خطے میں اسلامی بینکاری کو سیکھانے والے سب سے کامیاب پروگرام ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here