سکھر: تاجر برادری کیلئے بینکنگ خدمات کا حصول آسان بنانے اور بروقت سہولت مہیا کیا جانا انتہائی اہم ہے۔ سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کے صدرو ایوان کی قائمہ کمیٹی برائے بینکنگ اینڈ فنانس کے چیئرمین محمد رفیق ڈوسانی، سینئر نائب صدر خواجہ جلیل احمد، نائب صدر گرداس وادھوانی اور اراکینِ مجلسِ انتظامیہ نے ایم سی بی بینک سکھر سرکل کو ملتان سے الگ کرکے حیدرآباد سے منسلک کئے جانے کو بینک انتظامیہ کا انتہائی دانشمندانہ فیصلہ قرار دیا۔ یاد رہے کہ سکھر کی تاجر برادری کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ سکھر سرکل حیدرآباد سے منسلک کیا جائے تاکہ تاجروں کو بینکنگ سے متعلق اُمور کیلئے لمبی مسافت طے کرنے اور قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچایا جائے اور بینکنگ اُمور بروقت طے ہوں ۔ سکھر سندھ کا تیسرا بڑا شہر اور جغرافیائی اہمیت کا حامل کاروباری مرکز ہے یہاں کے تاجروں کو اب بینکنگ مسائل جلد حل ہوجانے کی توقع ہے جس کیلئے سکھر کی تاجر برادری بینک انتظامیہ کی تہہ ِ دل سے ممنون ہے۔