پاکستان کو متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط موصول

586

پاکستان کو یو اے ای سے پیکیج کی پہلی قسط مل گئی، اسٹیٹ بینک کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے ایک ارب ڈالر پاکستان کو مل گئے ہیں۔

منگل 22 جنوری 2019ء کو دبئی میں ایک تقریب کے دوران ابوظہبی ڈیولپمنٹ فنڈ کے چیئرپرسن اور گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے پاکستان کو 3 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کے معاہدے پر دستخط کئے تھے۔
اسٹیٹ بینک پاکستان کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات سے امدادی پیکیج کے تحت قرض کی پہلی قسط ایک ارب ڈالر موصول ہوگئے۔ متحدہ عرب امارات پاکستان کی باقی رقم 2 قسطوں میں فراہم کرے گا، ترجمان کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے زرمبادلہ کے ذخائر کے اعداد و شمار میں یو اے ای سے موصول رقم بھی شامل ہوگی۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو اقتدار سنبھالنے کے بعد مشکل معاشی صورتحال کا سامنا ہے. دسمبر 2018ء میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ یو اے ای کے دوران اماراتی حکام نے پاکستان کو 3 ارب ڈالر فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات سے قبل سعودی عرب کا بھی دورہ کیا تھا جبکہ چند روز قبل عمران خان وفد کے ہمراہ قطر بھی گئے تھے جہاں انہوں نے امیر قطر اور وزیراعظم سے ملاقات میں ایل این جی سمیت دیگر امور پر گفتگو کی۔
دوسری جانب امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کی ہے۔ دونوں ممالک پہلے ہی 6، 6 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کر چکے ہیں، جس میں سعودی عرب کی جانب سے گوادر میں آئل ریفائنری کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ تاحال پاکستان کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر جبکہ متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر مل گئے ہیں، جس کے بعد زر مبادلہ ذخائر 14 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔
پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کے پیکیج کے بغیر معیشت کو مشکل صورتحال سے نکالنا کافی دشوار سمجھا جارہا ہے، گزشتہ سال کے آخری 6 ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان سے دور رہے جبکہ انہوں نے شیئرز بازار سے بھی اپنی رقوم نکال لیں۔

1 COMMENT

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here