اسلام آباد: توقع ہے کہ پاکستان میں 10بلین ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اس ماہ کے اواخر یا آئندہ ماہ کے اوائل میں یادداشت مفاہمت پر دستخط ہو جائیں گے۔ پاکستان چین ،متحدہ عرب امارات اور ملیشیا کے ساتھ بھی اسی قسم کی مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کرے گا۔اس بات کا اعلان وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ سرمایہ کاری کے طریقہ کار پر یاد داشت مفاہمت پر آئندہ ماہ دستخط ہو جانا متوقع ہے۔
وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود فروری میں پاکستان کا دورہ کریں گے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ ان کے دورہ پاکستان کے دوران ہی مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہو جائیں گے۔ رابطہ کیے جانے پر سرمایہ کاری بورڈ کے چیرمین ہارون شریف نے کہا کہ سعودی عرب کی پاکستان کے چار سیکٹروں ، تیل ریفائنری،پیٹرو کیمیکلز،قابل تجدید توانائی ا و رکان کنی میں دلچسپی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس امر کی توقع رکھتے ہیں کہ سعودی عرب 10بلین سے زائد ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ یہان یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ سرمایہ کاری وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان کو دی گئی6بلین ڈالر کی سعودی امداد کے علاوہ ہے۔