گزشتہ چار ماہ کے دوران پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے، عمران خان

579

ترک نشریاتی ادارے ’ٹی آر ٹی ورلڈ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ خراب معیشت، مالی مسائل اور بیرونی قرضوں سمیت متعدد مسائل کا سامنا ہے لیکن ہم اپنی موثر معاشی پالیسی کی مدد سے ان تمام چیلنجز کا سامنا کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے اور اب ہم ملک میں سرمایہ کاری کے لیے اپنی برآمدات اور غیر ملکی ترسیل زر کو بڑھانے کی کوشش کریں گے تاکہ پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چین نے ہماری کافی مدد کی اور پاک چین اقتصادی راہدری اور گوادر میں سرمایہ کاری سمیت چین کے تعاون سے شروع کیے گئے متعدد منصوبوں کی بدولت مستقبل کے پاکستان میں چین کا کردار انتہائی اہم ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ملک بھارت سے مذاکرات چاہتا ہے لیکن وہ ہماری اس پیشکش کو کئی بار مسترد کر چکا ہے جس کی بڑی وجہ بھارت میں 2019 میں ہونے والے انتخابات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت کو پیشکش کی کہ آپ ایک قدم بڑھیں، ہم دو قدم بڑھائیں گے لیکن موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی الیکشن مہم چلانے کے لیے پاکستان مخالف جذبے کو ابھار رہے ہیں کیونکہ بھارت میں اس نعرے کو ووٹ ملتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت کے حامل 2 ملک جنگ تو دور، سرد جنگ کے بھی متحمل نہیں ہو سکتے اور اور دونوں ملکوں کا مسائل کو جنگ سے حل کرنا خودکشی ہو گی لہٰذا مذاکرات ہی واحد راستہ ہے۔
ملک میں سیاسی جماعتوں کے خلاف جاری احتساب کے حوالے سے سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ آصف علی زرداری اور شریف برادران کےخلاف مقدمات ہمارے جماعت کے اقتدار میں آنے سے پہلے شروع ہوئے۔ زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس دو سال قبل شروع ہوا جبکہ نواز و شہباز شریف کے خلاف بھی مقدمات ہمارے آنے سے پہلے کے ہیں کیونکہ ہم نے تو ابھی تک کسی کے خلاف مقدمات درج نہیں کیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ریاستی ادارے اب سیاسی مافیا کے دباؤ سے آزاد ہو کر باآسانی کام کر رہے ہیں اور یہ ادارے کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث کسی بھی فرد کے بھی خلاف کارروائی کر سکتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان، امریکا سے برابری کی سطح پر تعلقات چاہتا ہے اور افغانستان میں امن کے قیام کے لیے ہم امریکا کے اتحادی بننے کے لیے تیار ہیں لیکن اب ہم کسی اور کی جنگ نہیں لڑیں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here